Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال میں بی جے پی کی پہلی حکومت قائم، بھگوا خیمہ سرشار

Updated: May 10, 2026, 9:44 AM IST | Kolkata

شوبھندوادھیکاری کے ساتھ ۴؍ وزیروں نے بھی حلف لیا، ایس آئی آر کیلئے الیکشن کمیشن کے اسپیشل ایڈوائزر کو وزیراعلیٰ کے مشیر کےعہدہ پر فائز کیاگیا۔

Prime Minister Modi with Chief Minister Shubhendra Singh and others after the oath-taking ceremony in Bengal. Photo: INN
بنگال میں حلف برداری کے بعد وزیراعظم مودی، وزیر اعلیٰ شوبھندو اور دیگر کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

مغربی بنگال میں     بطور وزیراعلیٰ شوبھندوادھیکاری  اوران کے ساتھ ۴؍ وزیروں کی تقرری کے ساتھ ہی سنیچر کو  بی جےپی کی پہلی حکومت قائم ہوگئی۔ وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ،بی جےپی  کے سینئر لیڈروں اور بی جےپی کے اقتدار والی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی موجودگی میں  شوبھندو ادھیکاری   اور دیگر نے  عہدہ اور راز داری کا حلف لیا۔ نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی  ایس آئی آر میں الیکشن کمیشن  کے خصوصی مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے سبرتا گپتا کو وزیراعلیٰ کا مشیر خاص مقررکردیاگیاہے۔  یہ تقرری  اس لحاظ سے اہم ہے کہ ٹی ایم سی اور ملک  میں عوام وخواص کا  ایک بڑا طبقہ  بنگال میں  بی جےپی کی فتح کو ایس آئی آر کا نتیجہ قرار دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نئی دہلی میں ہیٹ کرائم ٹریکر کا اجراء، نفرت پر مبنی واقعات کا ڈیٹا یکجا ہوگا

  تاریخی گراؤنڈ میں حلف برداری

 گورنر آر این روی نے تاریخی بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں عوام کے بڑے مجمع کی موجودگی میں شوبھندو ادھیکاری  کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ دلیپ گھوش، اگنی مترا پال، اشوک کیرتنیا، کھدیرام ٹوڈو اور نِسِتھ پرامانک کو بھی وزیر کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ قیاس لگایا جا رہاہے کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ۲؍ نائب وزیراعلیٰ  بھی ہوں گے جن میں ایک کسی خاتون کو بنایا جاسکتاہے۔اس ضمن میں  اگنی مترا پال کا نام سب سے آگے چل رہا  ہے۔

 حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت کئی مرکزی وزراء، بی جے پی کے صدر نتن نبین اور بی جے پی و اس کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کے زیرِ حکومت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

 بنگال کی سرزمین پرمودی نے ماتھا ٹیکا

حلف برداری کی تقریب  کیلئے بنائے   گئے  اسٹیج پر رابندر ناتھ ٹیگور کی تصویر آویزاں تھی کیونکہ سنیچر کوان کی جینتی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسٹیج پر پہنچنے سے پہلے زمین پر ماتھا ٹیکا۔ انہوں  نے  بنگال کے عوام کو اس طرح   ’دنڈوت پرنام‘ کرتے ہوئے یہ تاثر دیا کہ وہ مغربی بنگال  کے عوام کی طاقت’’جن شکتی‘‘ کے آگے جھک رہے ہیں۔ اسٹیج پر پہنچنے کے بعد انہوں  نے بنگال میں  پارٹی کے  قدیم کارکن ماکھن لال سرکار کو شال اوڑھا کر ان کا استقبال کیا اور ان کے پیر چھو کر آشیرواد بھی لیا۔اس  سے قبل   انہوں نے  رابندر ناتھ ٹیگور کی تصویر پر پھول چڑھائے جبکہ سویندو ادھیکاری نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔    اس موقع پر  وزیراعظم مودی ، وزیرداخلہ امیت شاہ اور دیگر نے بنگال میں ٹی ایم سی کے دور اقتدار میں مارے گئے بی جےپی کارکنوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ مذکورہ  مہلوکین کے ناموں کا پوسٹر بنایاگیاتھا۔  

یہ بھی پڑھئے: کیرالا میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کانگریس کیلئے دردِ سر

 مغربی بنگال میں بی جے پی ایک وقت سیاسی حاشیہ پر سمجھی جاتی تھی، ۲۰۱۶ء کے اسمبلی  الیکشن میں پارٹی نے پہلی بار صرف ۳؍ نشستیں حاصل کی تھیں، تاہم۲۰۲۱ء میں۷۷؍ نشستیں جیت کر مرکزی اپوزیشن بنی اور اب ۲۰۲۶ء میں  بلا شرکت غیرے اقتدار تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ قابل ذکرہےکہ جمعہ کے روز بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں سویندو ادھیکاری کو متفقہ طور پر لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست کی تعمیر نو کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی حکومت عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔اس اسمبلی انتخاب میں دراندازی، سیاسی تشدد، بدعنوانی، بے روزگاری اور خواتین کی سلامتی جیسے مسائل اہم موضوعات رہے۔

 سبرتا گپتا وزیراعلیٰ کے مشیر

ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر سبرتا گپتا کو نو منتخب  وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کی اطلاع حکومت سازی کے بعد  ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں دی گئی۔ ۱۹۹۰ء  بیچ کے افسر سبرتا گپتا کو حالیہ اسمبلی انتخابات سے قبل انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی مہم (ایس آئی آر) کیلئے  الیکشن کمیشن نے اسپیشل رول آبزرور کے طور پر تعینات کیا تھا۔ایک سرکاری افسر نے بتایاکہ گپتا کا وسیع تجربہ نئی حکومت کو پالیسی ہم آہنگی اور انتظامی امور میں مدد فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ندا خان کو عدالت سے انصاف ضرور ملے گا‘‘

نئی بی جے پی حکومت نے ایک اور نوٹیفکیشن کے ذریعے آئی اے ایس افسر شانتانو بالا کو وزیر اعلیٰ کا پرائیویٹ سیکریٹری بھی مقرر کیا ہے۔۲۰۱۷ءبیچ کے افسر شانتانو بالا اپنی آخری تعیناتی میں جنوبی۲۴؍ پرگنہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تھے۔ایک دوسرے  افسر نے بتایاکہ بالا کی تقرری حکومت کی تبدیلی کے بعد وزیر اعلیٰ کے دفتر کی تنظیم نو کا حصہ ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں افسران کوریاستی حکومت میں فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK