۲۰۱۰ءمیں پیش آئے مارپیٹ و گالم گلوچ کے معاملے میں دیگر ۳؍ افراد کو بھی تین سال کی قید با مشقت اور ۵-۵؍ہزار روپے جرمانہ۔ علی باغ عدالت کا فیصلہ۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 3:02 PM IST | Siraj Shaikh | Alibag
۲۰۱۰ءمیں پیش آئے مارپیٹ و گالم گلوچ کے معاملے میں دیگر ۳؍ افراد کو بھی تین سال کی قید با مشقت اور ۵-۵؍ہزار روپے جرمانہ۔ علی باغ عدالت کا فیصلہ۔
ضلع رائے گڑھ کے حلقہ اُرن سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی مہیش بالدی سمیت ۴؍ ملزمین کو علی باغ کی مقامی عدالت نے۱۶؍ سال پرانے ایک کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے ۳؍ سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ۱۹؍ نومبر۲۰۲۶ء بروز جمعرات علی باغ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے سنایا ہے۔ تاہم عدالت نے چاروں مجرموں کو ضلعی عدالت میں اپیل دائر کرنےکیلئے ضمانت بھی منظور کر لی یت ۔ عدالت کے اس فیصلے سے مہیش بالدی کی رکنیت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اس فیصلے نے ایک طرف جہاں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے وہیں دوسری طرف اسے بی جے پی کیلئے ایک بڑا دھماکہ خیز جھٹکا مانا جا رہا ہے۔
معاملہ کیاہے؟
یہ معاملہ ۲۰۱۰ء میں ضلع رائے گڑھ کے علاقے اُرن میں پیش آیا تھا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق علاقے میں ایک لڑکی کو ہراساں کرنےکا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا الزام ایک مقامی نوجوان پر عائد کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی اطلاع ملنے پر رکن اسمبلی مہیش بالدی اور ان کے کچھ ساتھی متعلقہ نوجوان سے باز پرس کرنے کے لیے گئے تھے۔ گفتگو کے دوران دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہوئی جوہاتھا پائی اور مارپیٹ میں تبدیل ہو گئی۔ الزام تھا کہ مہیش بالدی اور ان کے ساتھیوں نے نوجوان کو گالی گلوچ کی اور بری طرح زدوکوب کیاتھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی اورشیوسینا شندے میں دوریاں بڑھنے لگیں
اس معاملے میں شکایت کنندہ کی بیوی نوتن کاشی ناتھ گھرت کا الزام تھا کہ ایم ایل اے مہیش بالدی، سنیل جناردن پیڈنیکر، پروین جناردن پیڈنیکر، اور گنیش سداشیو نے میرے شوہر کے ساتھ مار پیٹ کی اور مجھے گالیاں دی تھیں۔واقعہ کے بعد کاشی ناتھ پرشورام گھرت نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی۔ گھرت کی شکایت کی بنیاد پر ارن پولیس نے چاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ تفتیشی افسر جگدیش سیتارام شیلکر نے چارج شیٹ تیار کرکے عدالت میں داخل کی تھی۔جس کی سماعت علی باغ کی عدالت میں طویل عرصے تک جاری رہی۔
علی باغ کورٹ نے جمعرات کو فیصلہ سنایا
۱۹؍ نومبر۲۰۲۶ء بروز جمعرات کو علی باغ عدالت کے چیف مجسٹریٹ ڈی ایم زاٹے نے چاروں ملزمان کوسزا سنائی ہے۔ ہر ملزم کو۵؍ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید۳؍ماہ قید ہو سکتی ہے۔ اس معاملے میں پبلک پراسیکیوٹر ایڈوکیٹ پرساد پاٹل نے۹؍گواہوں پر جرح کی۔ عدالت نے ایڈوکیٹ پرساد پاٹل کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو مجرم قرار دیا۔ ملزم کی طرف سے وکیل انکت بنگیرا نے نمائندگی کی۔
ضمانت تو مل گئی لیکن رکنیت خطرے میں؟
واضح رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت اگر کسی رکن اسمبلی یا پارلیمنٹ کو دو سال یا اس سے زائد قید کی سزا سنائی جاتی ہے، تو اس کی رکنیت خطرے میں پڑ سکتی ہے، تاوقت یہ کہ اعلیٰ عدالت سزا پر اسٹے جاری نہ کر دے۔ اس فیصلے کے بعد مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔