• Sun, 18 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی میں بی جے پی کا صفایا ہونے سے ’آندولن‘ کے حوصلے بلند

Updated: January 18, 2026, 7:32 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

’دھاراوی بچاؤ آندولن‘ کے ذمہ داران نےکہا: ہم سب نے مل کربی جے پی کا کھاتا نہیں کھلنے دیا، یہی اسمبلی میں اور یہی پارلیمانی انتخابات میں بھی ہوا تھا۔ دَھن شکتی کے مقابلےجَن شکتی نے کمال کیا۔

Women also played a key role in Dharavi`s success. Photo: INN
دھاراوی کی کامیابی میں خواتین نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ تصویر: آئی این این

دھاراوی میں بی جے پی کا صفایا ہونے اور ادھوگروپ اور کانگریس کی کامیابی پر دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے مزید قوت کے ساتھ اڈانی گروپ کے ذریعے کئے جانے والے ری ڈیولپمنٹ کی مخالفت کرتے ہوئے دھاراوی واسیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا عہد کیا۔ 
یہ کسی سے مخفی نہیں کہ دھاراوی واسیوں کو ری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے جس طرح کے اندیشے ہیں، انہیں دھاراوی سے باہربھیجنے اور برسوں سے رہائش پزیر کئی علاقوں میں مکینوں کو غیرقانونی قرار دیاگیا، اسی کا نتیجہ ہے کہ بی ایم سی الیکشن میں اُن کا غصہ صاف نظرآیا اور انہوں نےبی جے پی کا کھاتا بھی نہیں کھلنے دیا۔ 
یادرہے کہ یہاں وارڈ نمبر ۱۸۳؍ میں آشا کالے (کانگریس)، وارڈ نمبر ۱۸۴؍ میں ساجدہ ببو خان (کانگریس)، وارڈ نمبر ۱۸۵؍ میں ٹی ایم جگدیش (شیوسینا ادھوبالاصاحب ٹھاکرے)، وارڈ نمبر ۱۸۶؍ میں ارچنا شندے (شیوسینا ادھوبالا صاحب ٹھاکرے)، وارڈ نمبر۱۸۷؍میں جوسف کولی (شیوسینا ادھوبالا صاحب ٹھاکرے)، وارڈ نمبر ۱۸۹؍ میں ہرشلا آشیش مورے(شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نے بازی مارلی جبکہ وارڈ نمبر ۱۸۸؍ میں بھاسکرشیٹی (شیوسینا شندے)کسی طرح کامیاب ہوگئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ الیکشن جیتنے کیلئے بی جےپی بنگال میں فساد کروانا چاہتی ہے‘‘

یہ دھاراوی واسیو ں کی طاقت ہے 
اس کامیابی کے تعلق سے دھاراوی بچاؤ آندولن کے فعال رکن کامریڈ نصیرالحق نے کہاکہ’’ یہ نتائج اس بات کے غمازہیں کہ دھاراوی واسیوں کا مدعا اوران کے مسائل کو مزیدقوت کےساتھ اٹھایا جائے گا اور دھاراوی واسیوں کو دھاراوی سے بھگانے کااڈانی کا منصوبہ ناکام ہوگا۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ عوام کا یہ فیصلہ ریاستی حکومت اوراڈانی گروپ کو سوچنے پرمجبور کرے گااورری ڈیولپمنٹ کےنام پر کی جانےوالی من مانی پر بھی لگام لگے گی۔ یہ ہے دھاراوی واسیوں کے اتحاد اورسنگھرش کی طاقت۔ ‘‘
پارلیمانی انتخابات سے اب تک ریکارڈ ہے
دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ دار سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہاکہ’’ دھاراوی، اپنے آپ میں مِنی ممبئی ہے، مِنی ممبئی نےبی جے پی اوراڈانی کےخلاف اپنا فیصلہ سنایا۔ ‘‘ انہو ں نےیہ بھی کہاکہ’’ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہےبلکہ پارلیمانی انتخابات میں، اسمبلی الیکشن میں اور اب بی ایم سی انتخابات میں بھی وہی ریکارڈ برقرار رہا اوربی جے پی کا کھاتاتک نہیں کھل سکا۔ ‘‘بابو راؤ مانے نے یہ بھی کہاکہ’’ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر شیوسیناومہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں نےجس طرح دھاراوی واسیوں کے حق میں آوازبلند کی، ان کوبھروسہ دلایا اورکسی بھی دھاراوی واسی کو باہر نہ جانے کی یقین دہانی کروائی، اس پربھروسہ کیا گیا، یہ اسی بھروسے کی جیت ہے۔ آئندہ مزیدقوت کے ساتھ آواز بلند کی جائے گی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر: بلدیاتی سیاست میں ایم آئی ایم کو غیر معمولی مقبولیت، ۹۵؍سے زائد نشستوں پر کامیاب

یہ دَھن شکتی کےمقابلے جَن شکتی کی جیت ہے 
دھاراوی بچاؤ آندولن کےفعال رکن سنجے بھالے راؤ نےکہا کہ ’’ اسے کہتے ہیں دَھن شکتی کے مقابلے جَن شکتی کی جیت، الیکشن میں بے تحاشہ دولت لٹائی گئی، پروپیگنڈہ کیا گیا، گمراہ کن وعدے کئے گئے مگر دھاراوی واسیوں نےسمجھ بوجھ کی مثال پیش کی اور اپنے ووٹوں کے استعمال کے ذریعےیہ بتادیا کہ ان کے حقوق سے کھلواڑکرنے اور ان کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیلنے کا منصوبہ بنانے والوں کو وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ‘‘ 
انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ جونئے کاپوریٹر منتخب ہوئے ہیں، وہ اس سے قبل بھی آوازبلندکرتے رہے ہیں، ان کےانتخاب سے دھاراوی واسیوں کی آواز میں مزیدتقویت پیدا ہوگی اور اب کارپوریشن میں فرضی طریقے سےدھاراوی واسیوں کے خلاف کوئی پلان پاس کروانا آسان نہیں ہوگا۔ ‘‘ 
یہی دھاراوی کی سچائی ہے
شیتکری کامگار پکش کے لیڈر اوردھاراوی بچاؤ آندولن کے رکن ایڈوکیٹ راجو کورڈے نے کہا کہ ’’ بی ایم سی الیکشن کا جو رزلٹ آیا وہی دھاراوی کی سچائی ہے، دھاراوی واسی اپنے حقوق اورمستقبل کاتحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ اس نتیجے کا ایک مفہوم یہ بھی ہے کہ ان کو بے گھر کرنے اور زبردستی ری ڈیولپمنٹ تھوپنے والی طاقتیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK