• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسیسیپی سے ۱۵۰ سال بعد سیاہ فام سینیٹر منتخب، اسکاٹ کولوم کی تاریخی کامیابی

Updated: November 12, 2026, 8:58 PM IST | Washington

امریکی ریاست مسیسیپی کی سیاست میں ایک تاریخی تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں طویل عرصے سے قائم نسلی سیاسی محرومی کا سلسلہ بالآخر ٹوٹ گیا اور سینیٹ میں سیاہ فام نمائندگی کی نئی راہ ہموار ہوئی۔

Scott Colom. Image: X
اسکاٹ کولوم۔ تصویر: ایکس

امریکی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹک امیدوار اسکاٹ کولوم نے سینیٹ کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ خانہ جنگی کے بعد تقریباً ڈیڑھ سو سال کے عرصے میں اس ریاست سے امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام امیدوار ہوں گے۔ ان کی کامیابی کو نہ صرف ریاست کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جارہا ہے بلکہ اسے نسلی امتیاز اور ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کی طویل تاریخ کے خلاف عوامی ردعمل بھی سمجھا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے حامیوں کے ان کی وطن واپسی کے مطالبے کے بعد احتجاج

کولوم نے ریپبلکن پارٹی کی موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو شکست دی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ۹۹؍ فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک انہیں ۵؍ ہزار سے زیادہ ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔ ریاست کے سب سے بڑے ضلع ہائنڈز کاؤنٹی میں باقی ماندہ ووٹوں کی گنتی کے بعد ان کی کامیابی یقینی ہوگئی۔ ہائیڈ اسمتھ نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کولوم کو مبارک باد دی اور ریاست کی نمائندگی کی نئی ذمہ داری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مسیسیپی میں سیاہ فام نمائندگی کی تاریخ خاصی اہمیت رکھتی ہے۔ ۱۸۷۰ء میں ہائرم ریولز امریکی سینیٹ کے پہلے سیاہ فام رکن منتخب ہوئے تھے، جبکہ چند سال بعد بلانش بروس نے بھی اسی ریاست سے سینیٹ کی رکنیت حاصل کی۔ بروس ۱۸۴۱ء میں غلامی کی حالت میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے بعد مسیسیپی سے کوئی سیاہ فام امیدوار امریکی سینیٹ میں نہیں پہنچ سکا۔ کولوم کی کامیابی نے اس طویل سیاسی خلا کو ختم کردیا ہے۔ ریاست میں ووٹ ڈالنے کے عمل کو طویل عرصے سے مختلف رکاوٹوں کا سامنا رہا ہے۔ مسیسیپی ان تین امریکی ریاستوں میں شامل ہے جہاں پولنگ سے پہلے ذاتی طور پر ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں ہے۔ یہاں مخصوص جرائم میں سزا یافتہ افراد کو تاحیات حق رائے دہی سے محروم رکھنے کا قانون بھی نافذ ہے، جس کے تحت تقریباً ۷۰؍ ہزار افراد ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم ہیں۔ ان میں بڑی تعداد سیاہ فام شہریوں کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی کابینہ کا بحری گزرگاہوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور

کولوم اس سے قبل وکیل اور جج کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ۲۰۲۲ء میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے انہیں وفاقی جج نامزد کیا تھا، تاہم سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے ان کی نامزدگی روک دی تھی۔ کانگریس کے ڈیموکریٹک رکن بینی تھامسن نے کولوم کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی سے صحت، تعلیم اور معاشی مواقع بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔ کولوم کی جیت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کرکے امریکی کانگریس میں سیاسی توازن تبدیل کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK