Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائن بریج پرگرڈربچھانے اور پانچویں چھٹی لائن کے کام کیلئے بلاک

Updated: June 16, 2026, 1:33 PM IST | Saeed Ahmed Khan And Shahab Ansari | Mumbai

یہ خصو صی بلاک ۱۷؍ جون کی درمیانی شب سے ۲۵؍جون کی درمیانی شب یعنی۹؍راتوں تک ماٹونگا اورکرلا کے درمیان۲؍تا ۳؍گھنٹے کیاجائے گا ۔

Sion Bridge.Photo:INN
سائن بریج۔ تصویر:آئی این این
سائن بریج پر گرڈر لانچنگ اورپانچویں اور چھٹی لائن کے کام کے لئے ماٹونگا اور کرلا کے درمیان خصوصی ٹریفک اور پاور بلاک کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے۔ یہ بلاک ۱۷؍ اور۱۸؍ جون کی درمیانی شب سے ۲۴؍ اور ۲۵؍جون کی درمیانی شب تک ماٹونگا اورکرلا کے درمیان ۹؍رات تک کیاجائے گا ۔
سینٹرل ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہےکہ سائن بریج کی تعمیر کا ایک مرحلہ پورا کرلیا گیا ہے، دوسرامرحلہ  شروع کیا جارہا ہے اسی لئے خصوصی ٹریفک اور پاور بلاک کیا جارہا ہے۔ یہ بلاک رات میں۲؍تا ۳؍گھنٹے کیا جائے گا تاکہ زیادہ ٹرینیں متاثر نہ ہوں اورمسافروں کو کم پریشانی ہو۔ 
 
 
  اس کا اندازہ اس سے بھی کیا جاسکتاہے کہ ۱۷؍ اور۱۸؍جون بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات میں ایک بجکر ۱۰؍ منٹ سے ۳؍بجکر ۱۰؍ منٹ تک بلا ک رہے گا ۔اسی طرح ۱۸؍ اور۱۹؍جون کی درمیانی شب میں۱۲؍بجکر ۴۵؍ منٹ سے ۳؍بجکر ۴۵؍ منٹ تک بلاک کیا جائے گا۔ اسی طرح دیگر راتوں میں بھی دو سے ڈھائی یا تین گھنٹے ہی بلاک کیاجائے گا ۔
سینٹر ل ریلوےکے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نےنمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ’’ اس دوران طویل مسافتی ٹرینیں متاثر نہیںہوں گی البتہ مین لائن اور ہاربر لائن کی ٹرینوں پراثر پڑے گااورکرلااورسی ایس ایم ٹی کے درمیان لوکل ٹرینیں بند رہیں گی۔ اس کی تفصیلات مہیا کرائی جارہی ہیں۔ اسٹیشن ماسٹروں سے بھی کہا گیا ہےکہ وہ تمام تفصیلات کو نمایاں کریں، تختہ سیاہ پربھی درج کریں اور دیگر ذرائع سے بھی مسافروں کو بتائیں تاکہ وہ سفر کے تئیں پیش بندی کرسکیں۔‘‘ 
 
 
 
آج سے آر ٹی او ملازمین کی ہڑتال 
’ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او)‘ میں کلرک کے کام انجام دینے والے ملازمین نے منگل (آج)سے بے مدت ہڑتال کا اعلان کردیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور تجدید کرانے جیسے کئی اہم کاموں کو پورا کرنے میں دشواریاں پیش آسکتی ہیں۔ان کا دعویٰ ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کے ساتھ کئی میٹنگوں میں ان کے مسائل کا حل نہ نکلنے کی وجہ سے ان کی یونین نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ ان ملازمین کی تعداد تقریباً ۱۴۰۰؍ ہے جو شہر و مضافات میں واقع آر ٹی او کے ۵۶؍ دفاتر اور ریاست کی بارڈر چیک پوسٹ پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ان کو ’سروس ریکروٹمنٹ رولز‘ پر عملدرآمد نہ ہونے اور بروقت ترقی نہ ملنے کی شکایت ہے اور ان کے مطالبات میں یہ باتیں شامل ہیں کہ ان کے کلرک کے عہدوں کو تبدیل کرکے ’ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ‘ اور ’سینئر ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ‘ کیا جائے۔ یہ مطالبات   پورا نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تنظیم ’موٹر واہن وبھاگ کرمچاری سنگٹھنا‘ نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔اس ہڑتال کو ’پین ڈائون(قلم  رکھ دینے)‘ نام دیا گیا ہے۔ان ملازمین کی تنظیم کے جنرل سیکریٹری سریندر سرتاپے کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے حکومت کو اپنے مطالبات پورے کرنے کیلئے کافی مہلت دی لیکن  اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی اور صرف کھوکھلے وعدے کئے جاتے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK