Inquilab Logo

ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے بی ایم سی کی بیداری مہم

Updated: April 02, 2024, 11:26 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر بی ایم سی شہر کی مختلف تنظیموں کی مدد سے سرگرم ، نئے رائے دہندگان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنا اور ووٹنگ کیلئے ذہن سا زی کرنااہم مقصد۔ اس مہم میں فلم انڈسٹری کے فنکاروں کی خدمات بھی لی جائیں گی، عوامی مقامات پر اعلانات بھی کئے جائیں گے۔

During the campaign, voters will also be made aware of voting. Photo: INN
مہم کے دوران رائے دہندگان میں ووٹنگ کیلئے ذہن سازی بھی کی جائے گی۔ تصویر : آئی این این

عروس البلاد ممبئی میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں جہاں سیاسی سطح پر زور شو ر سے جاری ہیں۔ وہیں عوامی سطح پر بھی ووٹرز میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنانے اور خصوصی طور پر نئے رائے دہندگان کو ووٹ دینے کی جانب راغب کرنے اور اس کی اہمیت سے واقف کرنے کے لئے بی ایم سی نے شہر کی مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے توسط بیداری مہم شروع کی ہے۔ خیال رہے کہ ۲۰؍ مئی کوممبئی کے۶؍ پارلیمانی حلقوں کیلئے رائے دہی کا عمل ہوگا۔
 غیرسرکاری تنظیموں کے توسط سے شہر کے الگ الگ علاقوں میں نئے نوجوانوں ووٹروں کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لئے ناموں کا اندراج کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی انہیں ووٹ کی اہمیت سےبھی آگاہ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر لگائے جانے والے ان کیمپوں کے ذریعہ رائے دہندگان کے ناموں اور رہائشی پتہ کو درست کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ بی ایم سی نے لوک سبھا انتخابات میں ووٹوں کا فیصد بڑھانے کی غرض سے ووٹ کی اہمیت اور ضرورت کے مقصد کو عیاں کرنے کیلئے بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے ذریعہ حق رائے دہی کےاستعمال کو یقینی بنانے کے لئے مختلف لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سابق آئی پی ایس افسر عبد الرحمٰن حکومت کیخلاف عدالت سے رجوع

اس سلسلہ میں بی ایم سی کی ایڈیشنل کمشنرڈاکٹر اشونی جوشی نےیکم اپریل کو دیگر ایڈیشنل کمشنر کے علاوہ تمام وارڈوں کے سربراہ اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کے ساتھ بی ایم سی ہیڈ کواٹر میں ووٹوں کا فیصد بڑھانے کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے ایک میٹنگ کا اہتمام کیا تھا ۔ جس میں ایڈیشنل کمشنرڈاکٹر اشونی جوشی نے تعمیراتی کمپنیوں، بڑی عمارتوں، کاروباری کمپلیکس،  بازاروں، تھیٹروں، مالس، اسکولوں اور کالجوں کواس میں شامل کرنے اور کی مدد سے بیداری مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ساتھ ہی بڑی تعداد میں شہریوں سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ اس میٹنگ کے دوران ایڈیشنل میونسپل کمشنر (انتخابات)  وجے بالموار نے انتخابی انتظام اور رائے دہندگان کی بیداری کیلئے شروع کیے گئے منصوبوں اور اقدامات کی تفصیلات پیش کی تھی ۔وہیں ڈاکٹر اشونی جوشی نے ۲۰۱۹ء میں جن علاقوں میں ۵۵؍ وار ۶۰؍ فیصد سے کم پولنگ ہوئی تھی، وارڈ کی سطح پر اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو اسے بڑھانے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ اس بیداری مہم کو’’ سیسٹمیٹک ووٹر ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسیپشن ‘‘کا نام دیا گیا گیا ہے۔
اس مہم کے تحت جہاں بی ایم سی نے مانخورد ، گونڈی ، شیواجی نگر اور کملا نگر میں علاقے میں سٹیزن ویلفیئر فورم کا تعاؤن حاصل کیا  ہے۔ وہیں باندرہ کھار ،جوگیشوری اور اطراف کے دیگرعلاقوں میں کئی غیر سرکاری تنظیموں جس میں آمچی ممبئی نامی تنظیم سے وابستہ کارکنان بھی شامل ہیں ، نے اس مہم کو تقویت بخشی ہے ۔اسکے علاوہ اندھیری لوکھنڈ والا اوشیوارا سٹیزن اسوسی ایشن بھی ہر اتوار کو نئے ووٹروں کے ناموں کا اندراج کرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ بی ایم سی کے بقول اس مہم کے ذریعہ حق رائے دہی کو فروغ دینا اور شہریوں کو اپنے حقوق کے استعمال کیلئے بااختیار بنانا ہے۔ اس مہم کے ذریعہ فلم انڈسٹری کے فنکاروں کی خدمات حاصل کرنے کیساتھ ہی  تھیٹر اور آڈیٹوریم، بس اسٹاپ اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ووٹنگ کی ضرورت اور اہمیت سے آگاہی کیلئے اعلانات کا سلسلہ بھی شروع کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK