ممبئی کے مضافاتی ضلع کے سرپرست وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار کی قیادت میں بی ایم سی کے صحت عامہ کے نظام کو جدید ہیلتھ ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بی ایم سی ہیڈ کوارٹرزس کی عمارت۔ تصویر:آئی این این
ممبئی کے مضافاتی ضلع کے سرپرست وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار کی قیادت میں بی ایم سی کے صحت عامہ کے نظام کو جدید ہیلتھ ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ممبئکرس کی صحت کے نظام کو اولین ترجیح دینے اور اس تعلق سے باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کئے جانے کا اعلان بھی سہیادری گیسٹ ہائوس میں ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا ۔میٹنگ میں ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا اور ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے بھی موجود تھیں۔اس موقع پر آشیش شیلار نے کہاکہ ’’ہم ممبئی والوں کو صحت کی اچھی خدمات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انتظامی مسائل کو دور کرنے اور بہترین معیار کی صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئےبی ایم سی کو صحت کے نظام سے متعلق انتظامی طریقہ کار کا جائزہ لینا چاہئے ۔ صحت کی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ میونسپل اسپتال میں شعبہ آؤٹ پیشنٹ اور بیت الخلاء کی موجودہ تصویر کو فوری طور پر بہتر کیا جانا چاہئے ۔ اب سے میونسپل کارپوریشن کی صحت کی خدمات اور سرگرمیوں کے سلسلے میں باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔‘‘
میٹنگ کے آغاز میں، بی ایم سی کی طرف سے فی الحال فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات کے بارے میں مکمل معلومات کمپیوٹر پریزنٹیشن کے ذریعے دی گئیں۔ تمام اراکین اسمبلی نے ان صحت کے خدمات، مریضوں، اسپتالوں ، دیگر انتظامی مسائل اور رجسٹرڈ شکایات کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔
میٹنگ میںممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے نے کہا کہ’’ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت میں ضروری خالی اسامیوں کو پر کرنے کا عمل تیزی سے کیا جانا چاہئے۔ کووِڈ کے دوران میونسپل کارپوریشن کیلئے کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والی افرادی قوت کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں موقع دیا جانا چاہئے ۔ انتظامیہ کو اسپتالوں کے مسائل کو جنگی بنیادوں پر حل کرنا چاہئے۔