Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ایس سی امتحان میں بی ایم سی اسکولوںکا نتیجہ۹۲ء۰۸؍ فیصد رہا، سویم گوریگائونکر اول، آسیہ سید دوم

Updated: May 10, 2026, 3:07 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے فروری مارچ ۲۰۲۶ءمیں منعقد کئے گئے ۱۰؍ویں جماعت کے امتحان میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کے نتائج ۹۲ء۰۸؍ فیصد رہے ۔بی ایم سی کے ۷۷؍ اسکولوں نے ۱۰۰؍فیصد نتائج حاصل کئے جن میں ۶۶؍ طلبہ نے ۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے ۔

Municipal school children are no less than anyone else.
میونسپل اسکول کے بچے بھی کسی سے کم نہیں ہیں

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے فروری مارچ ۲۰۲۶ءمیں منعقد کئے گئے ۱۰؍ویں جماعت کے امتحان میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کے نتائج ۹۲ء۰۸؍ فیصد رہے ۔بی ایم سی کے ۷۷؍ اسکولوں نے ۱۰۰؍فیصد نتائج حاصل کئے جن میں ۶۶؍ طلبہ نے ۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے ۔
 بی ایم سی کے ۲۴۶؍ سیکنڈری اسکولوں کے کل  ۱۵؍ہزار ۹۰۳؍ طلبہ نے دسویں جماعت کے امتحان میں شرکت کی۔ ان میں سے۱۴؍ ہزار ۶۴۴؍ طلبہ کامیاب ہوئے جن کا اوسط نتیجہ۹۲ء۰۸؍فیصدرہا۔بی ایم سی کے ۷۷؍ اسکولوں نے۱۰۰؍ فیصد نتائج حاصل کئے۔ جبکہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں پاس ہونے والے طلبہ میں سے ۶۶؍ نے ۹۰؍ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کئے ہیں۔
 سیتارام مل کمپاؤنڈ ایم پی ایس میونسپل سیکنڈری اسکول کے سویم گوریگائوکر نے۹۷ء۴۰؍ فیصدنمبر حاصل کرکے میونسپل کارپوریشن کے تمام اسکولوں میں اوّل آنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ڈی این نگر ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کی آسیہ ذاکر سید نے ۹۶ء۲۰؍ فیصد نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پربھادیوی ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کے دیپک تیواری اور گوکھلے روڈ ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کی جنل سمیرا نے ۹۵ء۸۰؍نمبرات حاصل کرکے تیسرا مقام حاصل کیا۔ گنڈولی ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کے پرنس موریہ نے ۹۵ء۲۰؍فیصد کےساتھ پانچواں،نہرو نگر ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کے کشن پرجاپتی نے ۹۴ء۴۰؍فیصد کے ساتھ چھٹا اور سہکار نگر ایم پی ایس سیکنڈری اسکول کے شوبھم چودھری نے۹۴ء۴۰؍ فیصد کے ساتھ چھٹا مقام حاصل کیا ۔
 امتحان کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات: 
 ممبئی میونسپل کارپوریشن ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ ۱۰؍ ویں جماعت کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے طلبہ کی مدد کر رہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے اپنی مشن میرٹ پریکٹس بک بنائی ہے جس کے ذریعے طلبہ کو زیادہ نمبر حاصل کرنے میں مدد کی جاتی ہے، طلبہ کو ریاضی اور بزنس کی کتابیںبھی دی جاتی ہیں۔ طلبہ کو ریاستی بورڈ کی طرز پر پریکٹس کیلئے اسکول کی سطح پر ۱۰؍ مشقی سوالیہ پرچے دیئے جاتے ہیں۔ تمام افسران کو ا سکولوں کو گود لے کر رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ گود لینے والے افسران اور پرنسپل کی میٹنگ ہر ماہ ہوتی ہے۔ نتائج کی بہتری کے حوالے سے اساتذہ اور طلبہ کیلئے لیکچر سیریز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ایجوکیشن آفیسر کے مطابق، طلبہ، اساتذہ، والدین، پرنسپل اور نگران نظام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے وقتاً فوقتاً میٹنگز منعقد کی جاتی ہیں۔
 گزشتہ چند سال میں بی ایم سی اسکولوں کا نتیجہ 
  ۲۰۲۲ءمیں ۹۷ء۱۰؍فیصد رہا جو کہ شاندار تھا لیکن ، ۲۰۲۳ءمیں  یہ۸۴ء۷۷؍ ہو گیا یعنی اس میں ۱۳؍ فیصد تک کی کمی آ گئی۔ اسکے بعد ۲۰۲۴ءمیں رزلٹ کچھ بہتر ہوااور اس سال ۹۱ء۵۶؍فیصد بچے کامیاب  ہوئے جبکہ ۲۰۲۵ء میں نتیجہ کچھ اور بہترا ہوا اور ۹۲ء۹۲؍ فیصد بچے کامیاب ہوئے۔اس سال یعنی  ۲۰۲۶ءمیں معمولی فرق کے ساتھ ۹۲ء۰۸ ؍ فیصد نتیجہ رہا۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس سال بھی نتیجہ عمدہ رہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK