کارپوریشن الیکشن سے قبل سیٹوں کی تعداد پر چہ میگوئیوں کے بیچ واضح اشارہ۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 9:41 AM IST | Mumbai
کارپوریشن الیکشن سے قبل سیٹوں کی تعداد پر چہ میگوئیوں کے بیچ واضح اشارہ۔
سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد کہ مہاراشٹر میںتمام لوکل باڈی اور بلدیاتی الیکشن ۴؍ماہ کے اندر اندر مکمل کئے جائیں، یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں وارڈس کی تعداد کتنی رہے گی۔ بی ایم سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں۲۲۷؍ سیٹوں کیلئے ہی ووٹنگ ہوگی۔یاد رہےکہ اُدھو ٹھاکرے کی قیادت میں مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) حکومت نے بی ایم سی کے وارڈز کی نئی حد بندی کرتے ہوئے ان کی تعداد۲۲۷؍ سے بڑھا کر ۲۳۶؍ کر دی تھی جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔ بی جے پی نے بھی سیٹوں کی تعداد میں اس اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ وارڈس کی تعداد میں اضافہ یا کمی صرف مردم شماری کے بعد ہی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۴ء میں تقریباً۳۰۰؍ ملین افراد کو شدید بھوک کا سامنا کرنا پڑا: رپورٹ
چونکہ سیٹوں کی تعداد کا معاملہ زیر التواء ہے اس لئے اس بات پر کنفیوژن ہے کہ بی ایم سی کی کتنی سیٹوں کیلئے الیکشن ہوگا۔ اس سلسلے میں کارپوریشن کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ ’’سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ الیکشن ۲۰۲۲ء سے پہلے کی صورتحال کے مطابق کرائے جائیں۔ اگرچہ یہ حکم او بی سی ریزرویشن سے متعلق ہے، لیکن اس کا اطلاق وارڈز کی تعداد پر بھی ہوتا ہے۔‘‘ سپریم کورٹ نے ۶؍ مئی کو ریاستی حکومت کو حکم دیا ہے کہ او بی سی ریزرویشن سے متعلق قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے۲۰۲۲ء سے رُکے ہوئے تمام بلدیاتی انتخابات ۴؍مہینوں کے اندر اندر کرائے جائیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی حکام کو انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ سابقہ الیکشن میں منتخب ہونے والے بی ایم سی کے نمائندوں یعنی کارپوریٹرس کی ۵؍سالہ مدت ۷؍ مارچ ۲۰۲۲ءکو ختم ہو چکی ہے۔