سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹی کی فلم ’’بارڈر ۲‘‘نے پیر کے روز، جو کہ ریپبلک ڈے بھی تھا، باکس آفس پر زبردست چھلانگ لگائی۔
EPAPER
Updated: January 27, 2026, 4:02 PM IST | Mumbai
سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹی کی فلم ’’بارڈر ۲‘‘نے پیر کے روز، جو کہ ریپبلک ڈے بھی تھا، باکس آفس پر زبردست چھلانگ لگائی۔
سنی دیول کی اداکاری سے مزین فلم ’’بارڈر۲‘‘ باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ریلیز کے چوتھے دن فلم کو غیر معمولی رفتار ملی، جس کی بڑی وجہ ریپبلک ڈے کی چھٹی رہی۔ رپورٹس کے مطابق ہندی بولنے والے علاقوں میں شائقین کی بڑی تعداد سنیما گھروں کا رخ کرتی ہوئی نظر آئی۔
بارڈر 2 باکس آفس کلیکشن چوتھا دن
ساکنلک کے مطابق فلم نے ہندوستان میں اپنے پہلے پیر (چوتھے دن) ۵۶؍ کروڑ نیٹ کمائے، جو اب تک کی اس کی سب سے زیادہ ایک دن کی کمائی ہے۔ صرف چار دنوں میں ’’بارڈر ۲‘‘ کی مجموعی گھریلو کمائی ۱۷۷؍ کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور توقع ہے کہ یہ فلم جلد ہی ۲۰۰؍ کروڑ کلب میں شامل ہو جائے گی۔اگر روز بہ روز کی کمائی کی بات کی جائے تو فلم نے پہلے دن (جمعہ)۳۰؍کروڑ کمائے، دوسرے دن (ہفتہ) ۵ء۳۶؍ کروڑ کی کمائی ہوئی، جبکہ تیسرے دن (اتوار) فلم نے۵ء۵۴؍ کروڑ کا کاروبار کیا۔
سنی دیول کی اس فلم نے پہلے دن۳۰؍کروڑ سے شروعات کی، لیکن مثبت زبانی تشہیر (ورڈ آف ماؤتھ) کے باعث سنیچر کو کمائی میں۶۷ء۲۱؍ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ اتوار کو کمائی میں زبردست ۳۲ء۴۹؍فیصد کا اضافہ ہوا۔ ریپبلک ڈے نے بھی فلم کی کمائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے:شویتا ترپاٹھی کا انکشاف، گولو گپتا نے ان کی تقدیر بدل دی
بارڈر ۲؍ نے کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا
چار دنوں میں ’’بارڈر۲‘‘ کی مجموعی کمائی نے وکی کوشل کی فلم ’’چھاوا‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا، جس نے اسی مدت میں تقریباً ۱۴۰؍ کروڑ کمائے تھے جبکہ رنویر سنگھ کی دُھرندھر نے چار دنوں میں لگ بھگ ۱۲۶؍کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ فلم’’بارڈر ۲‘‘ کی ہدایت کاری انوراگ سنگھ نے کی ہے اور اسے گلشن کمار اور ٹی سیریز نے جے پی دتہ کی جے پی فلمز کے اشتراک سے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم ۱۹۷۱ء کی ہندوستان پاکستان جنگ سے متاثر ہے اور جے پی دتہ کی ۱۹۹۷ء کی سپر ہٹ فلم ’’بارڈر‘‘ کا سیکوئل ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دنیا میں قانون کی حکمرانی کے بجائے جنگل راج عام ہو رہا ہے: انتونیو غطریس
فلم میں سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹی مرکزی کرداروں میں نظر آ رہے ہیں، جبکہ مونا سنگھ، سونم باجوہ، انیا سنگھ اور میدھا رانا بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’’بارڈر۲‘‘ کی کہانی کو مزید وسعت دیتے ہوئے ہندوستانی فوج، فضائیہ اور بحریہ کی مختلف محاذوں پر مربوط کارروائیوں کو پیش کیا گیا ہے۔