• Thu, 06 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برازیلی ماڈل نے ہریانہ کی ووٹر لسٹ میں اپنی تصویر کے استعمال پر حیرت کا اظہار کیا، اسے ”پاگل پن“ کہا

Updated: November 06, 2025, 5:04 PM IST | New Delhi

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، نیری نے پرتگالی زبان میں بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ راہل گاندھی کی پریس کانفرنس کے دوران دکھائی گئی تصویر انہی کی تھی۔

Rahul Gandhi showing picture of Brazilian model. Photo: INN
راہل گاندھی برازیلی ماڈل کی تصویر دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

برازیلی ماڈل جس کی شناخت لاریسا نیری کے طور پر ہوئی ہے، نے ہریانہ کی ووٹر لسٹ میں اپنی تصویر کے استعمال پر ردعمل دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہریانہ کے رائے دہندگان کی فہرستوں میں برازیلی ماڈل کی تصویر مختلف ناموں کے ساتھ کئی بار استعمال کی گئی ہے۔ نیری نے اس انکشاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے بے خبر تھیں کہ ان کی تصویر کو ہندوستان میں غلط طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو ”پاگل پن“ اور ”ناقابل یقین“ قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، نیری نے پرتگالی زبان میں بات کی اور تصدیق کی کہ گاندھی کی پریس کانفرنس کے دوران دکھائی گئی تصویر انہی کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تصویر کئی سال پہلے لی گئی تھی جب وہ تقریباً ۱۸ یا ۲۰ سال کی تھیں اور یہ تصویر انٹرنیٹ پر عوامی طور پر دستیاب تھی۔ انہوں نے حیرت اور تفریح کے انداز میں کہا کہ ”وہ میری تصویر کو انتخابات سے متعلق کسی چیز میں استعمال کر رہے ہیں، جہاں لوگوں کو ووٹ دینا ہوتا ہے۔ اور ہندوستان میں، وہ مجھے دوسروں کو دھوکہ دینے کیلئے ایک ہندوستانی خاتون کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔“

یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی کا ہائیڈروجن بم ، ہریانہ میں ووٹ چوری کے سنسنی خیز ثبوت پیش کئے

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور اچانک توجہ نے نیری کو حیران کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”اوہ میرے خدا، کتنا پاگل پن ہے۔ یہ کیا دیوانگی ہے، ہم کیسی دنیا میں رہ رہے ہیں؟“ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک صحافی نے ان سے تبصرے کیلئے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک رپورٹر نے اس سیلون کو فون کیا جہاں میں کام کرتی ہوں۔ پھر اس نے میرا انسٹاگرام ڈھونڈ لیا اور وہاں مجھے کال کی۔ میں نے جواب نہیں دیا۔“

نیری کا ردعمل گاندھی کی پریس کانفرنس کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ہریانہ میں ووٹنگ لسٹوں میں ہیرا پھیری کا الزام لگایا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے نیری کی تصویر دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ۲۲ مرتبہ مختلف ناموں کے ساتھ استعمال کی گئی ہے۔ گاندھی نے کہا کہ یہ تصویر برازیلی فوٹوگرافر میتھیس فیریرو کے پورٹ فولیو سے لی گئی تھی، جن کی تصاویر آن لائن دستیاب ہے۔ نیری کے ردعمل کے بعد یہ معاملہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی سرکاری جواب جاری نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK