Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ کے بھوکر علاقے میں سیاسی انتقام کے تحت اسکول پر بلڈوزرچلا دیا گیا

Updated: June 11, 2026, 10:51 AM IST | Z A Khan | Nanded

اسکول کے منتظم کا دعوی ٰ ہے کہ انہوں نے میونسپل کونسل کے چیئرمین کا الیکشن لڑا تھا اسی کا انتقام لینے کیلئے کارروائی کی گئی ہے، اشوک چوان پر بھی انگلیاں ۔

Action Taken A Few Days Before The Start Of The Academic Year.Photo:INN
تعلیمی سال شروع ہونے سے چند روز قبل کارروائی-تصویر:آئی این این
ناندیڑ ضلع کے بھوکر بازار سمیتی کی جانب سے بلڈوزر کے ذریعے ایک اسکول کو مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔ تعلیمی سال شروع ہونے میں محض پانچ دن رہ گئے ہیں، ایسے وقت میں بدھ کی صبح کی گئی اس کارروائی سے لوگ ناراض ہیں۔
 
 
اطلاع کے مطابق بھوکر بازار سمیتی کی اراضی پر ۲۰۰۳ء’آنجہانی بابا گوڑ پرائمری اسکول‘ اور ’بھاگیرتھابائی سیکنڈری ودیالیہ‘ میں  پہلی تا دسویں کی تعلیم جاری تھی۔ ادارے نے یہ زمین بازار سمیتی سے کرایہ پر لی تھی جو کہ ۹۹؍ سال کے معاہدے پر تھی۔ بعد ازاں اس زمین کے معاملہ پر بازار سمیتی  کمیٹی اور ادارہ کے ذمہ داران کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا۔اسی تنازع کے تحت بازار سمیتی نے اسکول کو جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد ادارہ نے عدالت سے رجوع کیا۔ تاہم، مارکیٹنگ فیڈریشن کے ایک حکم کی بنیاد پر بھوکر بازار کمیٹی نے بدھ کو براہِ راست بلڈوزر کارروائی انجام دی اور  تمام کلاس روم منہدم کر دیئے جن میں تقریباً ۳۰۰؍سے زائد طلبہ زیر تعلیم تھے۔
 
 
بازار کمیٹی نے اپنی کارروائی کو قانونی اور درست قرار دیا ہے، جبکہ ادارہ کے منتظم سندیپ گوڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ کارروائی سیاسی انتقام اور ذاتی دشمنی کے تحت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکول کی زمین سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہونے کے باوجود غیر منصفانہ کارروائی کی گئی۔سندیپ گوڑ کے مطابق انہوں نے بھوکر میونسپل کونسل کے صدر کا الیکشن لڑا تھا  اور دباؤ کے باوجود اپنی امیدواری واپس نہیں لی، اسی وجہ سے یہ کارروائی کی گئی۔اس واقعہ کی کانگریس کے شمالی ضلع صدر وٹھل پاوڈے، ناندیڑ شہر کانگریس صدر عبدالغفار، کانگریس ترجمان بالاجی گاڑھے اور کانگریس کارکن پپو پاٹل کونڈھیکر سمیت دیگر رہنماؤں نے سخت مذمت کی ہے۔ دوسری جانب بھوکر بازار کمیٹی کی اس کارروائی پر تعلیم دوست افراد اور سماجی حلقوں کی جانب سے بھی شدید ناراضگی ظاہر کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ بھوکر وہ اسمبلی حلقہ ہے جہاں سے اشوک چوان کی بیٹی  رکن اسمبلی ہیں ۔اس پوری کارروائی کے بعد اشوک چوان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایاجارہاہے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK