ممبئی پولیس کیلئے ہائوسنگ پروجیکٹ سمیت ۱۰؍ اہم سفارشات منظور۔ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار اس کابینی میٹنگ میں موجود نہیں تھے۔
EPAPER
Updated: January 18, 2026, 7:26 PM IST | Mumbai
ممبئی پولیس کیلئے ہائوسنگ پروجیکٹ سمیت ۱۰؍ اہم سفارشات منظور۔ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار اس کابینی میٹنگ میں موجود نہیں تھے۔
ممبئی سمیت ۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں کے نتائج ظاہر ہونے کے دوسرے دن سنیچر کو، مہاراشٹر کابینہ نے ۱۰؍ اہم تجاویز کو منظوری دے دی ہے جن میں اٹل سیتو پر الیکٹرک وہیکل (ای وی) کیلئے ٹول معاف کرنا اور شہر و مضافات میں پولیس افسران و اہلکاروں کیلئے رہائش فراہم کرنے کیلئے ہائوسنگ پروجیکٹ شامل ہیں۔
اس کابینہ کے سربراہ ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس تھے لیکن نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار اس کابینی میٹنگ میں موجود نہیں تھے۔ اس میٹنگ میں وزراء نے ’اٹل بہاری واجپئی سیوڑی۔ نہوا شیوا اٹل سیتو‘ پر سے گزرنے والی عام گاڑیوں کو ۵۰؍ فیصد رعایت دینے اور ’الیکٹرک وہیکل‘ (ای وی) کو ٹول معاف کرنے کے فیصلے میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے۔ اب ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۶ء تک اٹل سیتو کو استعمال کرنے والی گاڑیوں کو یہ رعایت ملے گی۔
یہ بھی پڑھئے: شندے سینا کو بی جے پی کا’ڈر‘، کارپوریٹر ہوٹل منتقل
’ممبئی پولیس ہائوسنگ ٹائون شپ پروجیکٹ‘ کو منظوری دی گئی ہے جس کے تحت شہر و مضافات میں واقع ۴۰؍ سے ۴۵؍ ہزار سرکاری مکانات پولیس افسران اور اہلکاروں کو مہیا کئے جائیں گے۔ ’مہاراشٹر اسٹیٹ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ (ایم ایس آئی ڈی سی) کے تعاون سے اس پروجیکٹ کیلئے ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تقریباً ۵؍ کروڑ مربع فٹ کی جگہ پر ہائوسنگ پروجیکٹ تعمیر کیا جائے گا۔ اس ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے کا ۳۰؍ فیصد حصہ ریاستی حکومت ادا کرے گی جبکہ باقی ۷۰؍ فیصد رقم کیلئے قرض لیا جائے گا۔ حالانکہ اس پروجیکٹ کا کام شروع کرنے کی غرض سے متذکرہ میٹنگ ۱۰۰؍ کروڑ روپے ابتدائی مرحلے میں دینے کو منظوری دے دی گئی ہے۔ روزگار فراہم کرنے کے تعلق سے کابینہ نے ہنرمند افراد کو بیرون ملک روزگار تک رسائی کیلئے ’مہاراشٹر ایجنسی فار ہولسٹک انٹرنیشنل موبیلٹی اینڈ ایڈوانسمنٹس‘ (ایم اے ایچ آئی ایم اے) کے قیام کو منظوری دی ہے۔ یہاں تعاون، تربیت اور روزگار فراہم کرنے کی کارروائیاں انجام دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی کی اندور میں آلودہ پانی کے متاثرین سے ملاقات، ایک لاکھ کاامدادی چیک دیا
’ایم یو ٹی پی۔ ۲‘ (ممبئی اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ۔ ۲) کے لئے نظر ثانی کے بعد ۸؍ ہزار کروڑ سے زائد رقم کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ رقم لوکل ٹرینوں کے سرچارج اور ریلوے کی زمین پر کمرشیل ڈیولپمنٹ سے ہونے والی آمدنی سے لی جائے گی۔ اس کے تحت ’پونے پری واہن مہامنڈل‘ کے لئے ایک ہزار بسیں حاصل کی جائیں گی۔ زرعی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ضلع تھانے کے باپگائوں میں ’ملٹی ماڈل ہب ٹرمینل مارکیٹ‘ تعمیر کیا جائے گا جہاں سالانہ ایک لاکھ ٹن سازو سامان رکھنے اور لانے لے جانے کی صلاحیت ہوگی۔
پنویل (مغرب) میں ’انّا صاحب پاٹل بیکورڈ کلاس ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ کے صدر دفتر کی تعمیر کیلئے ایک روپیہ فی مربع میٹر کے حساب سے زمین فراہم کرنے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نوی ممبئی کے اُلوے میں پدماوتی دیوی مندر کی تعمیر کیلئے ’تیرومالا تیروپتی دیواستھانم‘ کی تعمیر کیلئے دیئے جانے والے پلاٹ کے پریمیم سے متعلق چارج کو معاف کردیا گیا ہے۔
ایوت محل میں بامبلا ندی کے آبپاشی کے منصوبے کیلئے ۴؍ ہزار ۷۷۵؍ کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔