Updated: October 20, 2026, 9:05 PM IST
| Sacramento
کیلیفورنیا سے گرفتار کئے گئے دو ہندوستانیوں کی شناخت، رینچو پالوس وردیس کی ۳۰ سالہ رہائشی امن دیپ کور اور سیکرامینٹو کے ۶۷ سالہ کملیش نونیت لال شاہ کے طور پر کی گئی ہے۔ محکمہ انصاف نے الزام لگایا کہ کور نے دسمبر ۲۰۲۲ء کے وسط مدتی انتخابات اور پھر نومبر ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں ووٹ کیلئے جعلی رجسٹریشن کیا۔ شاہ پر ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں رجسٹریشن کرانے اور ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف (ڈی او جے) نے پیر کے روز بتایا کہ کیلیفورنیا میں ووٹر رجسٹریشن فراڈ کے سلسلے میں ایک وسیع تر آپریشن کے تحت دو ہندوستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق، اس کارروائی میں کیلیفورنیا میں قائم تمام چاروں امریکی اٹارنی دفاتر انتخابی دھوکہ دہی کے خلاف مل کر کام کر رہے تھے۔ اس ہفتے اب تک ۲۸ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ تمام ۲۸ مدعا علیہان گرین کارڈ ہولڈرز ہیں جنہیں امریکی شہری نہ ہونے کے باوجود شہریت میں فراڈ اور ووٹ ڈالنے کیلئے رجسٹریشن کرانے جیسے الزامات کا سامنا ہے۔
گرفتار کئے گئے دو ہندوستانیوں کی شناخت، رینچو پالوس وردیس کی ۳۰ سالہ رہائشی امن دیپ کور اور سیکرامینٹو کے ۶۷ سالہ کملیش نونیت لال شاہ کے طور پر کی گئی ہے۔ محکمہ انصاف نے الزام لگایا کہ کور نے دسمبر ۲۰۲۲ء کے وسط مدتی انتخابات اور پھر نومبر ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں ووٹ کیلئے جعلی رجسٹریشن کیا۔ شاہ پر ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں رجسٹریشن کرانے اور ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آئرلینڈ: مقیم ہندوستانی تارکین وطن کا ایس آئی آر اورسی ای سی کیخلاف احتجاج
کیلیفورنیا پر انتباہی فہرست نظر انداز کرنے کا الزام
کیلیفورنیا کے قائم مقام ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹرینٹ میک کاٹر نے کہا کہ تمام ۲۸ مدعا علیہان ان ۲۰ ہزار سے زائد ممکنہ غیر ملکی رجسٹرڈ افراد کی فہرست میں شامل تھے جو گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے انتخابی حکام کو فراہم کی گئی تھی۔ میک کاٹر نے کہا کہ ”کیلیفورنیا نے اس فہرست کو دیکھنے سے انکار کر دیا۔ آج کے الزامات واضح طور پر دکھاتے ہیں کہ یہ انکار کن چیزوں کو خطرے میں ڈالتا ہے۔“ انہوں نے ریاست پر زور دیا کہ وہ ڈاک کے ذریعے موصول ہونے والے بیلٹس (mail-in ballots) کی گنتی سے پہلے نشان زد کئے گئے رجسٹرڈ افراد کی شہریت کی تصدیق کرے۔ فرسٹ اسسٹنٹ یو ایس اٹارنی بل اسائیلی نے بھی ریاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ”کیلیفورنیا غیر شہریوں کو بیلٹ ڈاک کے ذریعے بھیج رہا ہے اور وہ وفاقی قانون کی تعمیل سے انکار کر رہے ہیں، جو غیر شہریوں کے ووٹ ڈالنے کو جرم قرار دیتا ہے۔“
محکمہ انصاف نے بتایا کہ گزشتہ سات ہفتوں کے دوران وفاقی حکام نے ووٹر رجسٹریشن میں مبینہ دھوکہ دہی کے سلسلے میں ۲۰ ریاستوں میں ۱۱۳ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے کم از کم ۵۰ افراد پر خاص طور پر غیر شہری کی حیثیت سے ووٹ ڈالنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔