پیوش گوئل نے ’بھارتیہ ویاپار مہوتسو‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی معیشت میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو اجاگر کیا۔
EPAPER
Updated: August 14, 2026, 1:59 PM IST | Agency | New Delhi
پیوش گوئل نے ’بھارتیہ ویاپار مہوتسو‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی معیشت میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو اجاگر کیا۔
صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے ملک کے تاجروں سے تجارت میں مناسب طریقے اپنا کر اور گزشتہ کچھ عرصے میں ہونے والے تجارتی معاہدوں کا فائدہ اٹھا کر ملک ہی نہیں دنیا کیلئے’میک ان انڈیا‘ مصنوعات بنانے کی اپیل کی۔گوئل نے ہندوستانی کاروباری اداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانونی تجارتی طریقے اپنائیں، اشیاء کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے اور دوبارہ استعمال کو فروغ دیں اور ماحول دوست معیشت کو فروغ دیتے ہوئے ہندوستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچائیں۔
یہ بھی پڑھئے: جیو کے ۱۰؍ سال مکمل، صفر سے آغاز کے بعد ممبئی اور مہاراشٹر میں اب ۷۹ء۵؍ کروڑ صارفین
نئی دہلی کے’بھارت منڈپم‘ میں ’بھارتیہ ویاپار مہوتسو‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے عالمی معیشت میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے ہندوستانی صنعت اور کاروباری اداروں کے لئے نئی منڈیاں کھولی گئی ہیں۔ انہوں نے میک اِن انڈیا برانڈ کو مضبوط بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستان کے معیار، ڈیزائن کی صلاحیتوں اور برانڈ کا احترام کیا جانا چاہئے۔ گوئل نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ تقریباً۴؍ کھرب ڈالر کی معیشت ملک کیلئے ایک بڑا موقع پیش کرتی ہے، کیونکہ ہندوستان۲۰۴۷ء تک۳۰؍ کھرب ڈالر کی معیشت بننے کے وژن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ہندوستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی خواہاں ہے اور اتنے بڑے ترقیاتی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے کاروباری اداروں، کاروباری افراد اور شہریوں کی اجتماعی شرکت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گاڑیوں کی تھوک فروخت نے جولائی کے مہینے میں نیا ریکارڈ قائم کیا
برآمد ات میں اضافہ
انہوں نے ہندوستان کی برآمدات میں ہونے والی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اشیاء اور خدمات کی برآمدات ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں جن میں۴۴۲؍ ارب ڈالر کی اشیاء کی برآمدات اور۴۲۱؍ ارب ڈالر کی خدمات کی برآمدات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۶؍ برس کے دوران برآمدات میں تقریباً۷۳؍ فیصد اضافہ ہوا ہے اور موجودہ سال کے لئے برآمدات کا ہدف ایک کھرب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ سال میں اپریل سے جولائی کے دوران پہلے ۴؍ ماہ میں برآمدات میں تقریباً ۱۵؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹاٹا ٹرسٹ نے ٹاٹا سنز کے اگلے چیئرمین کی تلاش شروع کردی
خود انحصاری پر زور
گوئل نے زور دیا کہ خود انحصاری اور قومی ترقی ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خود تبدیلی کا حصہ بننا چاہئے اور ملک کو خود انحصاری کی راہ پر آگے لے جانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے۲۰۱۴ء سے شروع کئے گئے مختلف اقدامات ڈیجیٹل انڈیا، اسٹارٹ اَپ انڈیا، اسٹینڈ اَپ انڈیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے صنعت اور کاروبار کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گوئل نے کہا کہ ’سودیشی‘ سے مراد وہ مصنوعات ہیں جو ہندوستانی شہریوں کی محنت، پسینے اور قربانیوں سے ہندوستان میں تیار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ مقامی منڈیوں تک اپنی سرگرمیاں محدود نہ رکھیں بلکہ مقامی مصنوعات اور خدمات کو عالمی منڈیوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صارفین کی جانب سے ہندوستانی مصنوعات کے زیادہ استعمال سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پیداوار اور تجارت میں اضافہ ہوگا، بڑے پیمانے پر پیداوار کے فوائد حاصل ہوں گے اور ہندوستانی کاروباری اداروں کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہوگی۔