ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کے لیے نئے برانڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں معروف مشروب برانڈ کیمپا کولا اور مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی چیٹ جی پی ٹی بھی شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: September 08, 2026, 8:03 PM IST | Mumbai
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کے لیے نئے برانڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں معروف مشروب برانڈ کیمپا کولا اور مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی چیٹ جی پی ٹی بھی شامل ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کے لیے نئے برانڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں معروف مشروب برانڈ کیمپا کولا اور مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی چیٹ جی پی ٹی بھی شامل ہیں۔ بی سی سی آئی کے مطابق نئے پارٹنرز ہندوستان میں کھیلے جانے والے دو طرفہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ٹیم انڈیا کے ساتھ منسلک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے:نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب پہلی بار دہلی سے باہر، گجرات کے ایکتا نگر میں انعقاد
رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی اور ایس بی آئی لائف نے اسوسی ایٹ پارٹنرشپ کے لیے تقریباً ۲ء۱؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی، جبکہ کیمپا کولا نے سب سے زیادہ تقریباً ۳ء۱؍ کروڑ روپے کی بولی پیش کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بِسلیری اور انڈین آئل کارپوریشن کی بولی بھی تقریباً ۲ء۱؍ کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کیمپا کولا کی کامیابی اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ یہ وہی ہندوستانی مشروب برانڈ ہے جس نے ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ء کی دہائی میں ملک کی سافٹ ڈرنک مارکیٹ پر خاصا راج کیا تھا۔ تاہم اقتصادی لبرلائزیشن اور عالمی برانڈز کی ہندوستانی مارکیٹ میں آمد کے بعد کیمپا کولا کو کوکا کولا اور پیپسی جیسی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی کمپنیوں کے مقابلے میں کم سرمایہ کاری اور محدود وسائل کے باعث کیمپا کولا کا مارکیٹ شیئر مسلسل کم ہوتا گیا۔ ۱۹۹۱ءکی اقتصادی اصلاحات کے بعد اگلی دہائی میں کمپنی کو اپنے پلانٹ اور کئی دفاتر بند کرنے پڑے۔ ۲۰۰۹ء تک ہریانہ میں محدود پیمانے پر اس کی بوٹلنگ جاری رہی، تاہم برانڈ کی موجودگی پہلے کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی خواتین ٹیم نے جاپان کو ۰۔۷؍گول سے شکست دے دی
کیمپا کولا کے لیے بڑا موڑ اگست ۲۰۲۲ء میں آیا، جب ہندوستان کے معروف صنعت کار مکیش امبانی کی سربراہی میں ریلائنس انڈسٹریز نے تقریباً ۲۲؍ کروڑ روپے میں اس برانڈ کو حاصل کرلیا۔ ریلائنس نے کیمپا کولا کو نئے انداز میں دوبارہ مارکیٹ میں متعارف کرایا اور اس میں نئے ذائقے بھی شامل کیے۔ نئے مالک کے تحت کیمپا کولا نے جارحانہ انداز میں مارکیٹنگ اور اسپانسرشپ کا سلسلہ شروع کیا۔ برانڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی اسپانسرشپ حاصل کی اور اب اس کی شراکت داری ہندوستانی کرکٹ ٹیم تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کیمپا کولا مارچ ۲۰۲۸ء تک ۳۵؍ بین الاقوامی میچوں کے لیے بی سی سی آئی کے ساتھ ٹیم انڈیا کے اسوسی ایٹ پارٹنر کے طور پر منسلک رہے گا۔ اس دوران بی سی سی آئی قومی ٹیم کے لیے نئے ٹائٹل اسپانسر کی تلاش بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔کیمپا کولا کا ٹیم انڈیا کے ساتھ یہ معاہدہ اس ہندوستانی برانڈ کی واپسی کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔ ایک وقت میں غیر ملکی برانڈز کے دباؤ میں مارکیٹ سے تقریباً غائب ہوجانے والا کیمپا کولا اب ریلائنس کی ملکیت میں دوبارہ بڑے پیمانے پر اپنی شناخت بنانے کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ کے سب سے بڑے پلیٹ فارم سے بھی جڑ گیا ہے۔