Inquilab Logo Happiest Places to Work

سی بی ایس ای بورڈ کے دسویں جماعت کا رزلٹ ۹۳؍ فیصد رہا

Updated: April 17, 2026, 1:05 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس ای) نے مئی کے بجائے نصف اپریل میں دسویں جماعت کے امتحان کا رزلٹ جاری کر کے تیز رفتاری سے نتائج ظاہر کرنے کے معاملے میں نئی مثال قائم کی ہے۔

Muhammad Owais Irfan Ahmed Sheikh and Simran Naveed Patel. Photo: INN
محمد اویس عرفان احمد شیخ اور سمرن نوید پٹیل۔ تصویر: آئی این این

سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے مئی کے بجائے نصف اپریل میں دسویں جماعت کے امتحان کا رزلٹ جاری کر کے تیز رفتاری سے نتائج ظاہر کرنے کے معاملے میں نئی مثال قائم کی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جوابی پرچوں کی جانچ قبل ازوقت ہونے سے رزلٹ جلد جاری کرنے میں مددملی ہے جس سے طلبہ کو آگے کی پڑھائی کی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔ سی بی ایس ای بورڈ نے ۱۵؍ اپریل کو دسویں جماعت کے پہلے امتحان کے نتائج کا اعلان کیا۔ نتیجہ ۹۳ء۷۰؍ فیصد رہا۔ اس مرتبہ بھی لڑکیوں نے بازی ماری۔ لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب ۹۴ء۹۹؍فیصد جبکہ لڑکوں کے پاس ہونے کاتناسب ۹۲ء۶۰؍ رہا۔

یہ بھی پڑھئے: حج ۲۰۲۶ء میں مرد وخواتین عازمین کی رہائش گاہیں الگ الگ!

سی بی ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق امسال ۹۵؍ اور ۹۰؍ فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بالترتیب ۲ء۲۴؍ اور ۸ء۹۶؍فیصد رہی۔ خصوصی توجہ کے مستحق طلبہ نے امسال نمایاں کامیابی حاصل کی۔ کل ۹؍ہزار ۴۴۳؍ میں سے ۹؍ہزار ۸۸؍ طلبہ پاس ہوئے۔ خصوصی توجہ کے مستحق ان طلبہ کا نتیجہ۹۶ء۲۴؍ فیصد رہا۔ ان میں سے ۴۵۲؍ طلبہ نے ۹۰؍فیصد سے زائد نمبر حاصل کئے جبکہ ۹۱؍طلبہ نے ۹۵؍فیصد سے زائد نمبر لئے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ء کے تحت سی بی ایس ای کی جانب سے بورڈ امتحانات کی پالیسی کے مطابق طلبہ کے نمبروں کو بہتر بنانے کیلئے مئی ۲۰۲۶ء میں ایک اضافی امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ دوسرے امتحان میں طلبہ کو صرف ۳؍ مضامین میں اپنے نمبر بہتر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: چاندیولی اسمبلی حلقہ کی ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینوں کی جانچ شروع

محمد اویس اور سمرن نویدپٹیل کی نمایاں کامیابی 

سی بی ایس ای کے دسویں جماعت کے امتحان میں ممبئی اور اطراف کے طلبہ نےبھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جن میں کرلا کوہ نورسٹی کے محمد اویس عرفان احمد شیخ اورویرار کی سمرن نوید پٹیل بھی شامل ہیں۔ ان دونوں ہونہار طالب علموں نے بالترتیب ۹۸ء۸۰؍ اور ۹۴؍ فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد اویس نے دسویں جماعت میں یہ کامیابی بغیر کسی ٹیوشن کے حاصل کی ہے۔ اویس نے نمایاں کامیابی سے اپنے اسکول، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔محمد اویس کرلا کے البرکات ملک محمد اسلام انگلش اسکول کے طالب علم ہیں۔ عصری تعلیم کے علاوہ دینی تعلیم و تربیت سے بھی نوازاہے۔ جس کانتیجہ ہے کہ اویس نے آٹھویں جماعت میں ہی قرآن کریم حفظ کرلیا تھا۔

سمرن کے والد نویدپٹیل کے مطابق ’’میری بیٹی نے ساتویں سے دسویں تک کی پڑھائی ویرار کے ملجی مہتا انٹرنیشنل اسکول سے کی ہے۔ وہ پڑھائی میں شروع سے ذہین ہے۔کلاس میں ہمیشہ اوّل اوردوم مقام رہی۔ فی الحال وہ ’نیٹ‘کی تیاری میں مصروف ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK