بامبے ہائی کورٹ کے مشورے کے مطابق عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد کرنے اور ایف آئی آر درج کروانے جیسی سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔
اشوینی بھیڈے-تصویر:آئی این این
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی میں ایسے ۲۳۱؍ مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں دن میں کئی مرتبہ کچرا صاف کرنے کے باوجود کچرا پھینکا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں سے کبھی کچرا ختم نہیں ہوتا اور اب اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ان مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کچرا پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے سے کیس درج کروانے تک کی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بامبے ہائی کورٹ نے بی ایم سی کو مشورہ دیا تھا کہ عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ایف آئی آربھی درج کروائی جائے۔
عدالت کے اس مشورے کے بعد بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے نے سنیچر کو بی ایم سی کے کچرا صفائی سے متعلق ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ لی تھی جس میں انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ شہر و مضافات میں ایسے مزید ’گاربیج ولنرایبل پوائنٹس‘ (جی وی پی)، وہ مقامات جہاں کچرا اور گندگی پھینکنے کا سلسلہ بند نہیں ہوتا جس کی وجہ سے بار بار صفائی کے باوجود تھوڑے وقفہ میں پھر کچرے کا انبار لگ جاتا ہے، کی شناخت کریں۔ ان مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں اور ان کی ریکارڈنگ کی مدد سے گندگی پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد کرنے اور کیس درج کروانے جیسے سخت کارروائیاں کریں۔
جن مقامات پر بار بار صفائی کے باوجود کچرےکا انبار لگا رہتا ہے ایسی ہی ایک جگہ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے جس میں صبح ۷؍ بجے سے شام ۷؍ بجے تک کی ریکارڈنگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہاں عوام کے ذریعہ لگاتار کچرا پھینکنے کا سلسلہ بھی جاری تھا جس کی وجہ سے یہ جگہ گندگی سے پاک نہیں ہوسکی۔
متذکرہ میٹنگ میں اشوینی بھیڈے نے بی ایم سی کے وارڈ افسران کو بھی ہدایت دی ہےکہ وہ پابندی سے اپنے علاقوں کا جائزہ لیتے رہیں، فٹ پاتھ پر سے اور اسکولوں، اسپتالوں، ریلوے اور میٹرو اسٹیشنوں کے اطراف سے ناجائز قبضہ جات کو ختم کریں۔ غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کریں اور جہاں ٹریفک کے مسائل ہیں انہیں ختم کرنے کی کوشش کریں اور ’مارگ‘ ایپ سے سڑکوں پر گڑھوں کی جو شکایات موصول ہوتی ہیں ترجیحی طور پر ان گڑھوں کو بھریں۔
بی ایم سی نے ’گوگل میپس‘ کے ذریعہ ممبئی میں ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں بڑے پیمانے پر سڑکوں پر کچرا ڈالا جاتا ہے۔ اب ان تمام مقامات پر جاکر پتہ کیا جائے گا کہ کچرا کون لوگ یا کن مقامات سے اور کس قسم کا کچرا پھینکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساحل سمندر، بازاروں، بڑی سڑکوں، فٹ پاتھوں، گٹروں اور تالابوں وغیرہ پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔بی ایم سی کے افسران عوام اور تاجروں سے ملاقاتیں کرکے صفائی کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔سب سے زیادہ کارروائیاں کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی ہمت افزائی کی جائے گی۔