• Thu, 17 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میکلمور کا فلسطینیوں کیلئےایک ملین ڈالر جبکہ ایڈ شیرن، رابرٹ کرافٹ کا ۲؍ ملین ڈالر عطیہ کرنےکا اعلان

Updated: September 17, 2026, 8:03 PM IST | Washington

میکلمور نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد تنازع سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں پر دوبارہ توجہ مرکوز کرانا ہے۔ انہوں نے ایک زخمی شخص کی مدد کی کوشش کے دوران اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی نوجوان کے حالیہ قتل کا حوالہ دیا۔ انہوں نے اس صورتحال کو ”انسان کا پیدا کردہ ظلم و ستم“ قرار دیا جس کیلئے فوری سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

Macklemore. Photo: X
میکلمور۔ تصویر: ایکس

امریکی ریپر میکلمور (Macklemore) نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ ایڈ شیرن کے ’لوپ ٹور‘ سے ہونے والی اپنے حصے کی کمائی کے تمام ایک ملین ڈالر (۱۰ لاکھ ڈالر) فلسطینیوں کی حمایت کرنے والی ۶ تنظیموں کو عطیہ کریں گے۔ میکلمور کا یہ بیان، اسٹیج پر فلسطین نواز مؤقف اختیار کرنے کے باعث ٹور سے نکالے جانے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ میکلمور، جن کا اصل نام بین ہیگرٹی ہے، نے انسٹاگرام پر لکھا، ”میں ایڈ شیرن کے لوپ ٹور سے حاصل ہونے والی اپنی خالص کمائی کے پورے ۱۰ لاکھ ڈالر ان چھ تنظیموں کو عطیہ کروں گا جو براہِ راست فلسطینی عوام کی مدد کرنے کیلئے کام کر رہی ہیں،“ انہوں نے نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے مالک رابرٹ کرافٹ کو بھی اتنا ہی عطیہ دینے کا چیلنج کیا۔

میکلمور نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد تنازع سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں پر دوبارہ توجہ مرکوز کرانا ہے۔ انہوں نے ایک زخمی شخص کی مدد کی کوشش کے دوران اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی نوجوان کے حالیہ قتل کا حوالہ دیا۔ انہوں نے اس صورتحال کو ”انسان کا پیدا کردہ ظلم و ستم“ قرار دیا جس کیلئے فوری سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ابراہیمی مسجد کو مسلم زائرین کیلئے پھر بند کیا

واضح رہے کہ میٹ لائف اسٹیڈیم میں ایک کنسرٹ کے دوران ”فلسطین آزاد کرو!“ کا نعرہ لگانے اور اپنا احتجاجی نغمہ ”ہندس ہال“ (Hind`s Hall) پیش کرنے کے بعد میکلمور کو ٹور سے نکال دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شیرن نے انہیں بتایا تھا کہ کرافٹ نے اسٹیڈیم مالکان کے درمیان بائیکاٹ کی دھمکی کو منظم کیا تھا تاوقتیکہ انہیں ٹور سے نہ ہٹایا جائے۔ شیرن نے اس بات پر اصرار کیا کہ یہ فیصلہ ٹور پروموٹرز کی طرف سے آیا تھا، ان کی طرف سے نہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ تنازع پر ان کے ذاتی خیالات ہیں جن کا وہ عوامی سطح پر اظہار نہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں۔

کرافٹ اور شیرن کی جانب سے جواب میں ۲۰-۲۰ لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ

میکلمور کے چیلنج کے بعد، کرافٹ اور شیرن دونوں نے فلسطینیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کیلئے ۲۰-۲۰ لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔ کرافٹ نے کہا کہ شیرن نے میکلمور کی عوامی پوسٹ سے پہلے ہی انہیں فون کرکے ریپر کے عطیے کے برابر رقم دینے کی تجویز پیش کی تھی۔ کرافٹ نے اس اقدام کو ”تمام لوگوں کے درمیان پل بنانے“ کی کوشش کا حصہ قرار دیا۔ شیرن نے کہا کہ وہ اس اقدام کو وسعت دینے کیلئے دیگر مقامات (venues) کے مالکان سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس تنازع نے ٹور کے دیگر تمام معاون فنکاروں بشمول لوکاس گراہم، ہارون رو، فنیاس اور بیوگا، کو پہلے ہی میکلمور کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ٹور سے دستبردار ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: نئے تعلیمی سال کا آغاز: جنگ زدہ علاقوں میں ۵۰؍ کروڑ طلبہ، غزہ میں ۱۵؍ لاکھ طلبہ تعلیم سے محروم

تنازع کے درمیان شیرن کے شوز کی ری سیل ٹکٹوں کی قیمتیں گر گئیں

اس تنازع کے اثرات شیرن کی ٹکٹ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں۔ ری سیل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹکٹ ڈیٹا (Ticketdata) کے مطابق، شیرن کی اگلی دس ٹور تاریخوں میں سے نو کی قیمتوں میں گزشتہ تین دنوں کے دوران کمی دیکھی گئی۔ ان کے فلاڈیلفیا کے آنے والے شو کے ٹکٹوں میں تین دنوں میں ۱۷ فیصد اور ایک ہفتے کے دوران ۲۵ فیصد کی کمی واقع ہوئی، جبکہ میساچوسٹس، اٹلانٹا، شارلٹ، آرلنگٹن اور فلوریڈا کے شوز کے ٹکٹوں بھی ری سیل قیمتیں گر گئیں۔ صرف انڈیاناپولس میں قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ قیمتوں میں یہ کمی اس کے باوجود آئی ہے کہ شیرن کے `میتھمیٹکس ٹور` نے اس سے قبل ۲۰۲۲ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان ۸۷ کروڑ ۵۰ لاکھ ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا، جو اسے موسیقی کی تاریخ کے سب سے زیادہ کمانے والے ٹورز میں سے ایک بناتا ہے۔ شیرن کے نمائندے نے ٹکٹوں کے اس رجحان پر تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK