• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اولڈ کسٹم ہاؤس میں یونیفارم سول کوڈ کی چیئرپرسن کا دفترندارد!

Updated: November 13, 2026, 3:23 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سنی جمعیۃ العلماء، جماعت اہل سنت، وحدت اسلامی اور کل جماعتی وفاق کے نمائندوں پرمشتمل علماء اور عہدیداران اولڈ کسٹم ہاؤس پہنچے۔ سرکاری اہلکاروں نے بھی یوسی سی کے دفتر سے متعلق لاعلمی ظاہر کی۔

Members of the delegation are looking for the office of the UCC Committee Chairperson at the Old Custom House. Photo: Inqilab
وفد میں شامل افراد اولڈ کسٹم ہاؤس میں یوسی سی کمیٹی کی چیئرپرسن کا دفتر تلاش کررہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی ) کے تعلق سے ملّی تنظیموں کی جانب سے جاری بیداری مہم کے دوران جمعرات کو ایک وفدنے اولڈ کسٹم ہاؤس میں واقع یو سی سی کی  چیئرپرسن رنجنا دیسائی کے دفتر پہنچ کر ان سے ملاقات کی کوشش کی۔ وہاں پہنچ کر شرکائے وفد حیران رہ گئے کہ جو پتہ دیا گیا ہے، اس پتے پر تو دفتر ہے ہی نہیں۔ اس وفد میں سنی جمعیۃ العلماء ، جمعیت علماء اہل سنت (ممبئی)، کل جماعتی وفاق ،  وحدت اسلامی کے نمائندے اور علماء شامل تھے۔ 

شرکائے وفدمیں شامل مولانا اعجاز احمد کشمیری نے اس تعلق سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ’’ ہم لوگ تقریبا سوا تین بجے اولڈ کسٹم ہاؤس پہنچے اور سوا چار بجے کے بعد وہاں سے نکلے۔ یہاں واقع تین بلڈنگوں میں ہم لوگ گئے اور خاص طور پر کمرہ نمبر۱۰۷؍ پر جہاں انکوائری سیکشن پرالگ الگ شعبوں کے دفاتر کی سرکاری اہلکاروں کے ذریعے معلومات فراہم کرائی جاتی ہے ۔ وہاں موجود انچارج جادھو نے بھی حیرت انگیز طور پر لاعلمی کا اظہارکیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کے ای ایم اسپتال کی لفٹ بند ہونے کے معاملے کی جانچ کا حکم

انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’ان اہلکاروں نے یہ بھی چشم کشا انکشاف کیا کہ یو سی سی کے تعلق سے جو خطوط بذریعہ ڈاک اس پتے پر بھجوائے جارہے ہیں، وہ بھی واپس کر دیئے جارہے ہیں کیونکہ یہ معلوم ہی نہیں ہے کہ یہ خطوط کس کے حوالے کرنے ہیں اور کہاں دیئے جائیں۔‘‘ مولانا اعجاز کشمیری نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ مہاراشٹر حکومت مسلمانوں سے مذاق کررہی ہے ۔ایک جانب تو یو سی سی کے نام پر ہنگامہ برپا کئے ہوئے ہے، دوسرے لاپروائی اور عدم دلچسپی کا یہ حال ہے کہ دفتر تک کا پتہ نہیں، ایسا لگتا ہے کہ حکومت خصوصاً ًمسلمانوں کو الجھا کر مزہ لے رہی ہے کہ دیکھو مسلمان کس قدر پریشان ہورہا ہے۔ ‘‘

انجم باپے سے یہ پوچھنے پر کہ آپ حضرات اولڈ کسٹم ہاؤس میں کس بنیاد پر گئے تھے،کیا آپ کو علم تھا کہ رنجنا دیسائی یہیں بیٹھتی ہیں ؟تو انہوں نے کہا کہ ’’حکومت مہاراشٹر کے پورٹل پر جو پتہ دیا گیا ہے، وہ اولڈ کسٹم ہاؤس کا ہے مگر اس میں کمرہ نمبر نہیں دیا گیا ہے،اسی بناء پر ہم سب یہاں پہنچے تھے۔‘‘ اولڈ کسٹم ہاؤس میں یو سی سی کے دفتر جانے والے جس کا پتہ نہیں تھا، وفد میں مولانا اعجاز کشمیری، مولانا خلیل الرحمٰن نوری، مولانا عظمت علی، کل جماعتی وفاق کے ذمہ دار الیاس مومن (پونے)، وحدت اسلامی کے رکن خالد انصاری اور کل جماعتی وفاق (تھانے) کے ذمہ دار انجم باپے موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK