• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کے ای ایم اسپتال کی لفٹ بند ہونے کے معاملے کی جانچ کا حکم

Updated: November 13, 2026, 3:20 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

لفٹ بند ہونے سے معذورمریضوں کو ہونے والی پریشانی کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔بی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں بحث کے بعد خاطی افسر کو بطور سزاچند مہینوں کی چھٹی پر بھیجنے کی تجویز۔

Patients faced severe difficulties due to the lift at KEM Hospital being out of service. Photo: INN
کے ای ایم اسپتال کی لفٹ بند ہونے سے مریضوں کوسخت دشواریاں ہوئیں۔ تصویر: آئی این این

پریل میں واقع کے ای ایم اسپتال میں لفٹ بند ہونے کی وجہ سے معذور مریضوں  کو ہونےو الی شدید پریشانی کا ویڈیو وائرل ہونے کےبعد اس  معاملے میں بی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کئی ممبران نے سوال اٹھائے جس پر چیئرمین نے بی ایم سی کی ایڈیشنل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ تمام ممبران کے مطالبات کے مطابق معاملے کی تحقیق کرائیں اور خاطی افسر کو سزا کے طور پر چند مہینوں کی لازمی چھٹی پر بھیج دیں۔

جمعرات کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں جن باتوں کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا ہے، وہ یہ ہیں کہ کتنے افسران ایک ہی عہدے اور ڈپارٹمنٹ میں ۴ ؍سے ۵ ؍برس سے ہیں اور ان کا ٹرانسفر نہیں ہوا ہے، جس ٹھیکیدار کو کے ای ایم اسپتال کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری دی گئی ہے، اس نے ٹھیک طرح سے کام کیوں نہیں کیا اور لفٹ خراب تھی تو مریضوں کی مدد کیلئے اسپتال کا اسٹاف موجود تھا یا نہیں۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جو کام وارڈ بوائے یا اسپتال کے عملہ کو کرنا چاہئے، وہ مریض کے رشتہ دار کرتے ہیں اور اب بس یہی ہونا باقی رہ گیا ہے کہ رشتہ دار خود آلات لے کر آپریشن تھیٹر میں داخل ہوجائیں۔ 

میٹنگ میں کئی کارپوریٹروں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل نہیں ہوتا تو یہ مسئلہ سامنے نہیں آتا اور اب بھی بی ایم سی کے اسپتالوں میں اس طرح کے یا دیگر مسائل ہوں گے جن کا ویڈیو نہیں بنا ہے اس لئے اس کا کسی کو علم نہیں ہے اور کیا ضروری ہے کہ بغیر ویڈیو وائرل ہوئے مسائل کو حل نہ کیا جائے؟

یہ بھی پڑھئے: اگر فائر بریگیڈبروقت اپناکام انجام دیتا تو ہم تباہ ہونےسے بچ جاتے۔ڈونگری آتشزدگی کے متاثرین کا بیان

این سی پی (اجیت پوار) کی کارپوریٹر ڈاکٹر سعیدہ خان نے نشاندہی کی کہ انہوں نے چند ماہ قبل کرلا کے بھابھا اسپتال میں لفٹ میں سوراخ ہوجانے کی شکایت اس کمیٹی کے سامنے کی تھی تو ۲۴؍ گھنٹے میں اسے ٹھیک کردیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی مسئلہ ۲۴ ؍گھنٹے میں حل ہوسکتا ہے تو اس کی شکایت آنے تک اسے حل کیوں نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب وہاں ایک لفٹ میں کہیں سے پانی رس رہا ہے اور متعلقہ ٹھیکیدار یہ پتہ ہی نہیں لگا پارہا کہ پانی کہاں سے آرہا ہے۔ 

بی جے پی لیڈر اور ہیلتھ کمیٹی کے سربراہ ہریش بھاندیرگے نے شکایت کی کہ اگر ان کا اسٹینو بی ایم سی اسپتال میں فون کرکے کوئی کام کہہ دے کہ فلاں کام کرنا ہے تو ٹکا سا جواب ملتا ہے کہ کیا ہمیں دیگر کوئی کام نہیں ہے اور جب ہیلتھ کمیٹی کے سربراہ کے اسٹینو کے ساتھ ایسا برتاؤ ہوتا ہے تو عام شہری کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ اس پر اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین پربھاکر شندے نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اسپتال کا عملہ اس طرح کا جواب دیتا ہے، اسے کمیٹی کے سامنے بلا کر سختی سے جواب طلب کیا جانا چاہئے اور سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔

کانگریس کے کارپوریٹر اشرف اعظمی نے کہا کہ صرف لفٹ کا مسئلہ نہیں ہے، وہاں کے بیت الخلاء وغیرہ بھی بہت گندے ہوتے ہیں، دیگر کاموں کو بھی ٹھیک طرح سے انجام نہیں دیا جاتا لیکن اس پر ٹھیکیدار کو سزا دینے کے بجائے ہنگامی ضرورت یا معاہدے میں موجود کسی دیگر مد کے نام پر انہیں مزید رقم دے دی جاتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایسا کوئی آڈٹ کرایا گیا ہے جس سے معلوم ہوسکے کہ بی ایم سی کے کتنے اسپتالوں کی کتنی لفٹ بند ہیں؟

تحقیق اور کارروائی کی ہدایت

اخیر میں چیئر مین پربھاکر شندے نے میٹنگ میں موجود ایڈیشنل میونسپل کمشنر پراجکتا ورما لونگرے کو ہدایت دی کہ تمام کارپوریٹروں نے اس معاملے میں جو بھی تحقیق کا مطالبہ کیا ہے، وہ کروائی جائے اور اس کی رپورٹ میٹنگ میں پیش کی جائے نیز خاطی افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK