اوپن اے آئی نے منگل کو سیم آلٹمین کی قیادت میں چیٹ جی پی ٹی گو کے نام سے ایک نیا، سستا سبسکرپشن پلان متعارف کروایا ہے، جو خاص طور پر ہندوستانی صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 19, 2025, 9:01 PM IST | Mumbai
اوپن اے آئی نے منگل کو سیم آلٹمین کی قیادت میں چیٹ جی پی ٹی گو کے نام سے ایک نیا، سستا سبسکرپشن پلان متعارف کروایا ہے، جو خاص طور پر ہندوستانی صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس پلان کی قیمت ۳۹۹؍روپے ماہانہ رکھی گئی ہے اور یہ یونائیٹڈ پیمنٹ انٹرفیس (UPI) کے ذریعے ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے، جو سبسکرائب کرنے کے عمل کو آسان اور سہل بناتا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق، گو پلان ان افراد کے لیے بنایا گیا ہے جو زیادہ لچکدار آپشن چاہتے ہیں لیکن پلس یا پرو جیسے مہنگے سبسکرپشن پلانز سے بچنا چاہتے ہیں۔ موازنہ کریں تو پلس پلان کی قیمت ۱۹۹۹؍ روپے ماہانہ ہے، جو جی پی ٹی ۴؍ او جیسے پرانے ماڈلز اور ڈیپ ریسرچ، کنیکٹرز، اور ویڈیو جنریشن کے لیے سورا جیسے جدید ٹولز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
اس کے برعکس، گو پلان بنیادی فیچرز اور بجٹ فرینڈلی رسائی پر زور دیتا ہے، جسے روزمرہ استعمال کے لیے ایک اقتصادی آپشن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی میں چیٹ جی پی ٹی کے نائب صدر نِک ٹرلی نے کہا کہ گو پلان کے ذریعے صارفین کو فری ورژن کے مقابلے میں پیغامات، امیج جنریشن، اور فائل اپ لوڈز کی حدود دس گنا تک بڑھا دی گئی ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس پلان میں میموری کی صلاحیت کو بہتر بنایا گیا ہے، جس سے بات چیت مزید ذاتی اور حسبِ ضرورت بن سکے گی۔
چیٹ جی پی ٹی گو کی خصوصیات:
یہ پلان فری ورژن کی تمام سہولیات پر مبنی ہے۔چیٹ جی پی ٹی ۵؍ جو اوپن اے آئی کا سب سے جدید ماڈل ہے، اس میں مکمل رسائی حاصل ہے۔
پیغامات بھیجنے کی زیادہ حد۔
روزانہ کی بنیاد پر اضافی امیج جنریشن کریڈٹس۔
مزید فائلز اپلوڈ کرنے کی سہولت۔
پائتھن جیسے طاقتور ڈیٹا اینالیسس ٹولز کا وسیع استعمال۔
فری ورژن سے دو گنا زیادہ میموری کی صلاحیت، جس سے لمبی گفتگوکو یاد رکھنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔
ChatGPT Go – UPI ادائیگی کی سہولت:
ہندوستان میں سبسکرپشن کی قیمتیں اب براہِ راست ہندوستانی روپے میں ظاہر کی جائیں گی، تاکہ غیر ملکی کرنسی میں تبدیلی کی جھنجھٹ سے بچا جا سکے۔ پہلی بار، اوپن اے آئی یو پی آئی ادائیگیوں کو سپورٹ کر رہا ہے، جو ہندوستان کا سب سے مقبول ڈجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ہے۔ اس اپڈیٹ کا مقصد سبسکرپشن کو آسان، تیز، اور مزید قابل رسائی بنانا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔