• Mon, 12 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھتیس گڑھ: ہیڈ مسٹریس کو امتحانی سوال میں کتے کے نام کیلئے ’رام‘ کا متبادل دینے پر معطل کردیا گیا

Updated: January 12, 2026, 6:06 PM IST | Raipur

اسکول کے اساتذہ کی جانب سے معذرت اور اس یقین دہانی کے باوجود کہ ان کا کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو دائیں بازو کے گروپس نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے پاس شکایات درج کرائیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

چھتیس گڑھ کے رائے پور ضلع میں ایک سرکاری اسکول کی ہیڈ مسٹریس کو جماعت چہارم کے انگریزی زبان کے امتحانی پرچے میں ایک سوال کے جواب کے لیے ’’رام‘‘ کا متبادل دینے کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔ سوال میں طلبہ سے ایک شخص کے کتے کا نام پہچاننے کے لیے کہا گیا تھا۔

یہ واقعہ ٹلڈا بلاک کے گاؤں نکٹی کے ایک پرائمری اسکول میں پیش آیا۔ ہیڈ مسٹریس شیکھا سونی نے بتایا کہ متبادلات میں لفظ ’’رام‘‘ کی شمولیت، ٹائپنگ کی غلطی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ دراصل ’’رام‘‘ متبادل کی بجائے لفظ ’’رامو‘‘ (Ramu) لکھنا مقصود تھا، لیکن سوالیہ پرچہ تیار کرتے وقت نادانستہ طور پر آخری حرف ’’u‘‘ چھوٹ گیا۔ اسکول میں کنٹریکٹ پر کام کررہی اسسٹنٹ ٹیچر نمرتا ورما جنہوں نے پرچے کی جانچ کی تھی، نے بھی اعتراف کیا کہ وہ اس غلطی کو نوٹ کرنے میں ناکام رہیں۔ اطلاعات کے مطابق، ورما کی خدمات ختم کرنے کے لیے بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تریپورہ میں مندر کیلئے عطیہ نہ دینے پر مسجد ،مسلمانوں کی دکانیں اورمکان نذر آتش

دونوں اساتذہ کی جانب سے معذرت اور اس یقین دہانی کے باوجود کہ ان کا کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو دائیں بازو کے گروپس نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے پاس شکایت درج کرائی ہیں۔ شکایت کے بعد، بھارتیہ نیائے سنہیتا کی ایک ناقابلِ ضمانت دفعہ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جو مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے ارادے سے کئےگئے دانستہ اقدامات سے متعلق ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) ہمانشو بھارتیہ نے اس معاملے میں باضابطہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تادیبی کارروائی کی وجہ بتاتے ہوئے بھارتیہ نے کہا کہ ’’رام ہندو مذہب میں ایک قابلِ احترام دیوتا ہیں۔ متبادل کے طور پر ’رام‘ کو شامل کرنے سے ہندوئوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ویشنو دیوی میڈیکل کالج اجازت کی منسوخی، کالج بند، طلبہ و اساتذہ نے وضاحت طلب کی

محکمہ تعلیم نے ٹلڈا کے بلاک ایجوکیشن آفیسر کو بھی وارننگ لیٹر جاری کیا ہے کیونکہ وہ امتحانی پرچہ تیار کرنے کے لیے ایک تجربہ کار استاد مقرر کرنے میں ناکام رہے، جبکہ اسکول کے پرنسپل کو بھی مناسب نگرانی نہ کرنے پر وارننگ دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK