امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مختلف مسائل کو حل کرنے کا دعویٰ کیا۔
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 11:11 AM IST | Beijing
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مختلف مسائل کو حل کرنے کا دعویٰ کیا۔
چینی وزارتِ خارجہ نے ایران جنگ کے معاملے پر زور دیا ہے کہ خطے میں جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسئلے کا فوری حل امریکہ، ایران اور خطے کے دیگر ممالک سب کے مفاد میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں واشنگٹن اور بیجنگ نے کئی معاملات پر اتفاق کیا۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں لیڈروں نے ایک دوسرے کے تحفظات کو مناسب انداز میں حل کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تفہیم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فلسطین کا عالمی برادری سے ’’ نکبہ‘‘ کو نسلی تطہیر کا جرم قرار دینے کا مطالبہ
دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ایران کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی اور دونوں لیڈر اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور آبنائے ہرمز کو کھلا رہنا چاہئے۔ امریکی صدر نے بیجنگ کے ژونگ نان ہائی کمپلیکس میں چینی صدر سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک نے ایسے کئی مسائل حل کئے ہیں جنہیں شاید دوسرے لوگ حل نہیں کر سکتے تھے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اور شی جن پنگ ایران کے معاملے کے اختتام کے طریقہ کار پر یکساں سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ ’شاندار تجارتی معاہدے‘ طے پائے ہیں۔
دریں اثناءامریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ چین کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ سے روانہ ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے دورے کےمیں صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مختلف سطحوں پر مذاکرات بھی ہوئے جن میں اہم علاقائی اور اقتصادی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں کئی اہم فیصلے کئے گئے اور اہم تجارتی معاہدے بھی طے پائے۔
یہ بھی پڑھئے: مسجد اقصیٰ میں یہودی انتہا پسندوں کا دھاوا، اشتعال انگیز جلوس نکالا گیا
اس موقع پر ٹر مپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے معاملے پر مزید صبر نہیں کریں گے۔ فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہاکہ میں مزید صبر سے کام نہیں لوں گا، انہیں ایک معاہدے تک پہنچنا ہو گا۔ چین کے دورے میں بیجنگ میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اگر امریکہ ایران سے افزودہ شدہ یورینیم حاصل کر لیتا ہے تو وہ زیادہ اطمینان محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس معاملے کا تعلق کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ پروپیگنڈے سے ہے۔