Inquilab Logo

چپلون کے شہری کھارے اور آلودہ پانی سے پریشان، انتظامیہ سے ناراضگی

Updated: November 19, 2023, 11:57 AM IST | Siraj Shaikh | Mumbai

یوتھ کانگریس نے گاجے باجے کے ساتھ جا کر افسران کو میمورنڈم دیا ، جلد مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا انتباہ۔

Youth Congress delegation addressing the authorities. Photo: Inquilab
یوتھ کانگریس کا وفد حکام کو مکتوب دیتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

چپلون بلدیہ کی جانب سے شہریوں کو فراہم کیا جانے والا پانی کھارا اور آلودہ ہونے کے سبب یہاں کے مکین میونسپل انتظامیہ سے کافی خفا ہیں ۔کئی دنوں سے چپلون کے گولکوٹ اور پیٹھ ماپ کے علاقوں میں آلودہ پانی کی سپلائی سے مکینوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میونسپل کونسل کے اہلکاروں کو بار بار آگاہ کرنے کے باوجود اس کا نوٹس نہیں لیا جا رہا ہے۔ آلودہ پانی کے سبب مختلف بیماریا ں پھیل رہی ہیں۔ اس دوران یوتھ کانگریس کے عہدیداروں ، مقامی شہریوں اور خواتین نے میونسپل دفترپہنچ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے ایڈمنسٹرٹیٹیو آفیسر منگیش پیڈھامکر اور اننت مورے سے ملاقات کی انہیں آلودہ پانی کے تعلق سے شکایت کی۔ ساتھ ہی متنبہ کیا کہ چند دنوں میں اس میں بہتری نہ لائی گئی اور تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہےکہ مظاہرین اپنا احتجاج درج کروانے کیلئے گاجے باجے کے ساتھ میونسپل دفتر پہنچے۔
 اس موقع پر رتناگیری ضلع یوتھ کانگریس کے صدر ساجد سرگروہ اورسونالکشمی گھاگ نے کہا کہ اول تو بلدیہ کی جانب سے پانی وقت پر نہیں چھوڑا جاتا، پھر پریشر کافی کم ہوتا ہے۔یہ شکایتیں تو تھیں ہی کئی دنوں سے پانی کھارا اور آلودہ آرہاہے۔ اس تعلق سے میونسپل اہلکاروں کو فون پر اور ذاتی طور پر بار بار آگاہ کیا جاتا رہا ہے لیکن ان کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آلودہ پانی کی وجہ سے شہریوں کی صحت کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے اور وہ بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ اگر اس سنگین مسئلہ کو جلد حل نہیں کیا گیا تو یوتھ کانگریس کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔
 اس تعلق سےمتعلقہ افسران کو میمورنڈم بھی دیا گیا۔اس موقع پر یوتھ کانگریس کے ضلعی صدر ساجدسرگروہ، ضلع نائب صدر بھرت لبدھے ،شردھا کدم، صفا گوٹھے، رشی کیش شندے، رئوف قاضی،منظور سروے،نعیم کھاٹک نے یہ میمورنڈم محکمہ صحت کے سربراہ ویبھو نیوتے، پارک ڈپار ٹمنٹ کے پرساد ساڈویلکر کو سونپا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK