سی اور ڈی وارڈ کےچندن واڑی، بھولیشور، چیرابازار، ملبار ہل، گرانٹ روڈاور تاڑدیوکے علاقوںمیں پرانے پائپوں کی وجہ سے پانی بہت کم دباؤ کے ساتھ آ رہا ہے
جنوبی ممبئی کےکئی علاقوںمیں ٹینکر سے پانی کی ضرورت پوری کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این
ممبئی :پانی کا کم ذخیرہ ہونے کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے شہر ومضافات میں ۱۰؍فیصد پانی کٹوتی کا اعلان کیا ہے لیکن سی اور ڈی وارڈ کے متعدد علاقوں میں پانی کادبائو کم ہونے اور ناکافی سپلائی سے مکینوں کو تقریباً ۶۰؍فیصد کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے ان علاقوں کے مکین بہت پریشان ہیں۔ بی ایم سی سے مسئلہ کا حل نکالنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں ۳؍دنوں سے پانی نہ ملنے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق ایک طرف ممبئی میونسپل کارپو ریشن نے پوری ممبئی میں ۱۰؍فیصد پانی کی کٹوتی کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب ، جنوبی ممبئی کے سی اور ڈی وارڈ کے شہریوں کو ۶۰؍فیصد سے زیادہ پانی کی کمی کا سامنا ہے ۔ اس وجہ سے سی اور ڈی وارڈزکے شہریوں کیلئے پانی کی کم سے کم ضروریات بھی پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ پانی کا کم دباؤ اور ناکافی سپلائی سے شہرا ور مضافاتی علاقوں کے مکین جہاں پانی کی قلت سے دوچار ہیں، وہیں دیوالی کے بعد مزید پانی کی قلت کے بڑھنے کا امکان ہے۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں پانی کی قلت اور کم دبائو سے پانی کی سپلائی ایک نیا مسئلہ بن چکا ہے۔ سی وارڈ (چندن واڑی، بھولیشور، چیرابازار) اور ڈی وارڈ (ملبارہل، گرانٹ روڈ، تاڑدیو) جنوبی ممبئی کے علاقے ہیں اور پانی کے پرانے پائپوں کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں پانی بہت کم دباؤ کے ساتھ آ رہا ہے۔
بھانڈوپ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پانی کے مختلف دیگر پلانٹس میں والو کی مرمت کے کام کی وجہ سے جنوبی ممبئی میں پانی کی سپلائی اکثر متاثر ہوتی ہے ۔اس وجہ سے ان دونوں علاقوں کی متعدد سوسائٹیوں اور چالوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔صبح پانی کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ پانی پہلی منزل تک نہیں پہنچ پاتا۔
ان علاقوں کے مکینوں نے بتایا کہ موٹر استعمال کرنے کے باوجود کئی عمارتوں میں پانی نہیں بھرا جا رہاہے۔ پانی کا پریشر کم ہونے سے خواتین اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔۷۴؍ سالہ دلیپ ہیگشتے نے کہا کہ’’ پچھلے ۳؍ دنوں سے نل سے ایک قطرہ بھی پانی نہیں ملا ہے۔‘‘ انہوں نے بلدیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ’’ وہ تمام ری ڈیولپمنٹ کے کاموں کو روکے کیونکہ پانی ہماری بنیادی ضرورت ہے ۔‘‘