کرلا ٹرمنس پر آرپی ایف کوالرٹ کیا گیا۔ اَن ریزرو ٹرینوں کی روانگی کےوقت خصوصی نگرانی۔ بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے ہمہ وقت نگرانی کی جائے گی۔
وطن جانے والے مسافراور ان کے اہل خانہ کرلا کےلوکمانیہ تلک ٹرمنس پر ۔ تصویر: پی ٹی آئی
موسم گرما کی تعطیلات شروع ہوگئی ہیں اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرمنس پر بھیڑ بھاڑ بڑھنے لگی ہے۔ ایسے میں گزشتہ سال کی طرح زبردست بھیڑبھاڑ کے سبب پھر بھگدڑ کا اندیشہ ہے۔ اس سے بچنے کیلئے کرلا ٹرمنس (لوکمانیہ تلک ٹرمنس ) میں ریلوے پروٹیکشن فورس کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ باندرہ ٹرمنس اورسی ایس ایم ٹی وغیرہ پربھی خصوصی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ایل ٹی ٹی میں بڑی تعداد میں مزدور اوردیگر مسافر اپنے آبائی وطن روانہ ہونے کیلئے اسٹیشن پر اورباہر نظر آئے۔ یاد ر ہےکہ گز شتہ سال باندرہ ٹرمنس پر بھگدڑمچ گئی تھی اور۱۰؍مسافر گرکرزخمی ہوگئے تھے۔ اسی طرح کرلاٹرمنس پربھی بھیڑبے قابو ہوگئی تھی۔ سورت اسٹیشن پربھی یہی حالات تھے۔ اس سے سبق لیتے ہوئے اس دفعہ پیشگی تیاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن جب اور بھیڑبھاڑ شروع ہوگی تب صحیح اندازہ ہوسکےگا کہ تیاری کےتعلق سے ریلوے کے دعوے میں کتنی صداقت ہے۔ اُس وقت تو حادثے کے بعد ریلوے انتظامیہ اس قدر چوکس ہوگیا تھا کہ اہم اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ فروخت کرنے اوربڑا سامان مثلاً منِی ڈرم یا بڑی بالٹی وغیرہ لے جانے تک پربھی وقتی طور پرپابندی عائد کردی تھی ۔
اس ضمن میں سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’چونکہ اس موسم میں عموماً ملک کے مختلف حصوں میں جانے والوں کی کثرت ہوتی ہے اس لئے ٹرمنس پر بھیڑبھاڑ بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ اس لئے کئی طریقے سے احتیاط برتنا شروع کیا گیا ہے تاکہ حادثے سے بچاجائے اور روانہ ہونے والے مسافروں کو سہولت بھی ہو۔ اس لئے آر پی ایف کے جوانوں کو الرٹ کرنے کے ساتھ خاص طور پر اَن ریزرو ٹرینوں کی روانگی کے وقت نگرانی بڑھائی گئی ہے اور یہ ہدایت دی گئی ہےکہ اس وقت مزید چوکسی برتی جائے۔ا س کےعلاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سےبھی نگرانی کی جائے تاکہ جس حصے میںیا جس ٹرین کےقریب مسافروں کی کثرت نظرآئے یا وہ حصہ جہاں مسافر رُک کر انتظار کرتے ہیں (ویٹنگ ایریا)، خاص دھیان دیا جائے اور جیسی ضرورت ہو، عملہ فوراً متحرک ہوجائے۔‘‘ چیف پی آر او نےیہ بھی بتایاکہ ’’ ترتیب بناکر گرمی کے موسم میں خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے،یہ ٹرینیں ممبئی ،بنارس، گوا، سمستی پور،شولاپور ، بہار اورملک کے دیگر حصوں میں کرلا ٹرمنس (ایل ٹی ٹی( سے روانہ کی جائیں گی۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ اسٹیشن عملہ اور آر پی ایف کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر انتظامات کرنے میں مزیدکسی قسم کی ضرورت ہو یا مسافروں کوپہلے سے کوئی یاددہانی کرانی ہو تب بھی بتادیا جائے تاکہ الگ الگ طریقوں سے مسافروں کو باخبر کردیا جائے،اس سے مزید آسانی ہوگی ۔‘‘