Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریلوے میں پینے کے پانی کی کوالیٹی بہتر کرنے کی جانب ٹھوس اقدامات کا دعویٰ

Updated: August 18, 2026, 3:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مسافروں کی شکایتوں اور سی اے جی کی رپورٹ کے بعد ریلوے بورڈ کی سطح پر ایکشن۔ ۲۰؍ ہزار مقامات پر فلٹریشن سسٹم نصب کئے جائیں گے۔

Passengers at railway stations will now have access to clean, clear water. Picture: INN
ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو اب صاف و شفاف پانی میسر آئے گا۔ تصویر: آئی این این

مسافروں کی شکایت پر پینے کے پانی کے معیار کے تعلق سے سی اے جی کی رپورٹ میں ان شکایات کی تصدیق کے بعد مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو، سی آر بی، سی ای او اور دیگر اعلیٰ حکام کے ذریعہ پورے دن جائزہ لیا گیا۔ اس میں طے پایا کہ پینے کے صاف پانی اور کوالیٹی کو بہتر بنانے کے لئے فوری اصلاحی اقدامات ضروری ہیں تاکہ ریلوے میں مسافروں کو پینے کا صاف وشفاف اور معیاری پانی میسر آسکے۔ کئے جانے والے اقدامات ذیل میں درج کئے جارہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی : ایف اے سی کے نام پر بجلی صارفین پر اضافی بوجھ

(۱) نئے ’ٹینک ٹو ٹیپ‘ واٹر فلٹریشن سسٹم تقریباً ۲۰؍ ہزار مقامات پر نصب کئے جائیں گے۔ ان میں واٹر کولر بھی شامل ہیں۔ اس کے ذریعے پورے ریلوے نیٹ ورک میں تقریباً ۲۰؍ ہزار مقامات پر واٹر فلٹریشن اور نگرانی کا ایک جامع نظام نافذ کیا جائے گا۔ (۲) پانی کے ٹینکوں کی تبدیلی۔ (۳) پانی جمع کرنے اور سپلائی کرنے والے مقامات پر پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔ (۴) اسٹوریج ٹینک کی بروقت صفائی اور دیکھ بھال۔ (۵) بورڈ کی سطح سے اس کی براہ راست نگرانی کی جائے گی۔ 

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ کارروائی سی اے جی کی طرف سے نشاندہی کی گئی تمام کمیوں کو دور کرنے اور سفر کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے ایک بڑی مہم کا حصہ ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:انو شکتی نگر: ایس آئی آر کے آخری دن بی ایل اوز کو سیکڑوں فارم بھرنا پڑا

ممبئی اور مضافاتی سیکشن میں خصوصی نگرانی

ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے میں افسران سے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے بڑے ۲۰۰؍ سے زائد اسٹیشنوں اور ریلوے کے دوسرے حصوں میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے اور کئی جگہ پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے، اس کے تحت یہاں بھی خصوصی نگرانی اور دیکھ ریکھ کی جائے گی۔ ایک سینئر افسر کے مطابق اب تک یہ نظام ڈویژن کی سطح پر ہوا کرتا تھا اور شکایات کا ازالہ کیا جاتا تھا، اس میں تساہل بھی ہوتا تھا مگر پہلی مرتبہ ریلوے بورڈ کی جانب سے نگرانی کی جائے گی اور باقاعدہ رپورٹ منگوائی جائے گی۔ اس سے مزید بہتر اصلاح کی امید ہے۔ 

ریلوے میں خاص طور پر طویل مسافتی ٹرینوں میں دوران سفر اس طرح کی شکایات عموماً زیادہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ بوتل بند پانی کی فروخت کے نام پر زیادہ تر غیر معیاری پانی سپلائی کئے جانے کی بھی بارہا شکایت ملتی رہیں۔ اس پر بھی اس اقدام سے روک لگنے کی امید ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK