ناندیر میں ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے آر بی آئی کی رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ غیر قانونی طریقے سے قرض وصول کرنے والے مالیاتی اداروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا انتباہ۔ کہا کہ کسان خشک سالی کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔
EPAPER
Updated: October 26, 2026, 3:55 PM IST | Agency | Nanded
ناندیر میں ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے آر بی آئی کی رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ غیر قانونی طریقے سے قرض وصول کرنے والے مالیاتی اداروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا انتباہ۔ کہا کہ کسان خشک سالی کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔
ضلع میں خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر کسانوں اور دیگر قرضداروں کو راحت فراہم کرنے کیلئے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے واضح ہدایت دی ہے کہ اسمال فائننس، مائیکرو فائننس اور دیگر نجی مالیاتی ادارے قرض کی وصولی کے دوران کسی بھی قسم کی زبردستی، دھمکی یا غیر قانونی طریقہ کار اختیار نہ کریں۔ اس کے علاوہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ضلع کلکٹر نےاتوارکو منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ خشک سالی کے باعث کسان اور دیگر قرضدار پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں مالیاتی اداروں کے افسران اور ملازمین کو ان کے ساتھ شائستگی اور حساسیت کے ساتھ پیش آنا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرض کی وصولی کیلئے قرضداروں کو ذہنی اذیت دینا، ان کی توہین کرنا، دھمکیاں دینا، تشدد کا سہارا لینا، مجرمانہ پس منظر رکھنے والے افراد کو وصولی کیلئے استعمال کرنا یا ’سیبل(سی آئی بی آئی ایل) ‘اسکور خراب کرنے کا خوف دکھا کر دباؤ ڈالنا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ضلع کلکٹر نے خبردار کیا کہ اسمال فائننس، مائیکرو فائننس اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے قرض کی وصولی کے ضوابط کی خلاف ورزی سامنے آنے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متعلقہ افراد اور اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت تعزیری اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ آئندہ غیر قانونی طریقے سے قرض کی وصولی کے معاملات میں متعلقہ اداروں کو پیشگی اطلاع دے کر کارروائی کا موقع فراہم کرنے کی توقع نہ رکھی جائے بلکہ قابل اطلاق قانونی دفعات کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۴ء میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت بننے والی تھی: ناناپٹولے
ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے تحصیلداروں، اسسٹنٹ رجسٹرار اور متعلقہ کوآپریٹیو محکمے کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقامی پولیس انتظامیہ کے تعاون سے اسمال فائننس، مائیکرو فائننس اور دیگر مالیاتی اداروں کی قرض وصولی کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر مجاز طریقے سے قرض کی وصولی، قرض داروں کو دھمکانے اور دیگر مشتبہ سرگرمیوں کا پتہ چلنے پر فوری جانچ کی جائے اور متعلقہ قوانین کے تحت ضروری کارروائی کی جائے۔ ایسے معاملات کا باقاعدگی سے جائزہ لے کر کی گئی کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ تمام مالیاتی اداروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ قرض کی وصولی کے دوران مقررہ ضوابط پر عمل کریں، قرض داروں کی عزت اور قانونی حقوق کا تحفظ کریں اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا ہراسانی سے گریز کریں۔انہوں نے واضح پیغام دیا کہ خشک سالی کے حالات کا فائدہ اٹھا کر کسانوں اور عام شہریوں کو پریشان کرنے والے مالیاتی اداروں کے خلاف انتظامیہ سخت موقف اختیار کرے گی اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
میٹنگ میں ایڈیشنل ضلع کلکٹر ڈاکٹر رتن دیپ گائیکواڑ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گورَو، کوآپریٹیو اداروں کے ضلع ڈپٹی رجسٹرار شاہوراج ہیرے اور ضلع کی لیڈ بینک کے منیجر بی جی سونکامبلے سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔