معاہدے کے تحت، کولمبیا یونیورسٹی تعلیمی جگہوں پر مظاہروں کو روکنے کیلئے ایک مستقل سیکوریٹی فورس برقرار رکھے گی اور بین الاقوامی طلبہ کیلئے سخت جانچ پڑتال کے طریقہ کار کو نافذ کرے گی۔
EPAPER
Updated: July 24, 2025, 7:01 PM IST | New York
معاہدے کے تحت، کولمبیا یونیورسٹی تعلیمی جگہوں پر مظاہروں کو روکنے کیلئے ایک مستقل سیکوریٹی فورس برقرار رکھے گی اور بین الاقوامی طلبہ کیلئے سخت جانچ پڑتال کے طریقہ کار کو نافذ کرے گی۔
کولمبیا یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دباؤ کے بعد وفاقی تحقیقات کو سلجھانے اور اربوں ڈالر کی وفاقی فنڈنگ تک رسائی کو بحال کرنے کیلئے امریکی حکومت کو ۲۰۰؍ ملین ڈالر ادا کرے گی۔ متعدد وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ ایک وسیع معاہدے میں، کولمبیا یونیورسٹی نے کہا کہ وہ ۳ سال کے اندر یہ رقم ادا کرے گی اور داخلوں اور بھرتیوں کے فیصلوں میں نسل پر غور کرنے پر پابندی کے وفاقح قواعد کی تعمیل کرے گی۔
ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کے بعد یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ”کولمبیا یونیورسٹی نے امتیازی سلوک کے وفاقی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق متعدد وفاقی ایجنسیوں کی تحقیقات کو حل کرنے کیلئے امریکہ کی وفاقی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔“ بیان میں مزید کہا گیا کہ ”آج کے معاہدے کے تحت، مارچ ۲۰۲۵ء میں ختم یا روکی گئی وفاقی امداد کی بڑی اکثریت بحال کر دی جائے گی اور موجودہ اور مستقبل کی اربوں ڈالر کی امداد تک کولمبیا کی رسائی بحال ہو جائے گی۔“
یہ بھی پڑھئے: کولمبیا یونیورسٹی کی فلسطین حامی مظاہروں میں شریک طلبہ کے خلاف کارروائی
معاہدے کے تحت، کولمبیا تعلیمی جگہوں پر مظاہروں کو روکنے کیلئے ایک مستقل سیکوریٹی فورس برقرار رکھے گا اور بین الاقوامی طلبہ کیلئے سخت جانچ پڑتال کے طریقہ کار کو نافذ کرے گا، جس میں وفاقی حکام کے ساتھ معلومات کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ نیو یارک پوسٹ کے مطابق، ویزا پر موجود طلبہ سے متعلق تادیبی کارروائیوں کی اطلاع امیگریشن حکام کو بھی دی جائے گی۔
کولمبیا کے قائم مقام صدر، کلیئر شپ مین نے کہا کہ ”یہ معاہدہ وفاقی جانچ پڑتال اور ادارہ جاتی غیر یقینی کی ایک طویل مدت کے بعد ایک اہم قدم ہے۔ اسے احتیاط کے ساتھ اس طرح تیار کیا گیا ہے ہہ ہماری اقدار کی حفاظت کی جا سکے جو ہماری شناخت ہیں اور وفاقی حکومت کے ساتھ ہماری ضروری تحقیقی شراکت داری کو دوبارہ پٹری پر لایا جا سکے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ ہماری آزادی کو محفوظ رکھتا ہے۔“
ٹرمپ کی فتح
اس معاہدے کو بڑے پیمانے پر ٹرمپ کی فتح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جنہوں نے طویل عرصے سے ملک کی آئیوی لیگ یونیورسٹیوں پر بائیں بازو کے تعصب کو فروغ دینے اور ان کی انتظامیہ کے خیالات کے خلاف دشمنی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دیگر یونیورسٹیوں کیلئے ایک نمونہ بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی سمیت کئی مشہور تعلیمی ادارے وفاقی فنڈنگ پر اسی طرح کے تنازع کا سامنا کررہے ہیں۔