دھمکی آمیزپوسٹر شائع کئے گئے ۔’ممبئی فار پیس ‘گروپ کی جانب سے ذمہ دار شہریوں نےجوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات کی۔ سخت ایکشن لینے کا مطالبہ۔
گرجا گھر۔ تصویر:آئی این این
لگ الگ تنظیموں اور ذمہ دار شہریوں پرمشتمل گروپ جسے ’ممبئی فار پیس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے جمعرات کی شام کوجوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈرڈاکٹر منوج کمار شرما سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور میمورنڈم دیا ۔ اس ملاقات کا مقصد شہر کے مختلف حصوں میں خاص طور پرعیسائیوں کی عبادت گاہوں اور ان کی تقریبات میں بار بار خلل ڈالنے کے واقعات اور خود کو بجرنگ دل کا حصہ ہونے کا دعویٰ کرنے والے انکت یادو اور اس کے ساتھیوں کی شرانگیزی کی شکایت کرنا تھا ۔
جوائنٹ پولیس کمشنر کوشہر اور مضافات کے الگ الگ حصوں میں اس گروپ کی جانب سے کی گئی شرانگیزی کے ساتھ خاص طور پر سکل ہندو سماج کے بینر تلے اس گروپ کی جانب سے دی گئی دھمکی کےتعلق سے آگاہ کرایا گیا ۔شرانگیزی کرنے والے گروپ کی جانب سے ایک پوسٹر شائع کیا گیا ہے جس میں۵؍جولائی ۲۰۲۶ءکو واکولہ سانتاکروز مشرق کے گام دیوی علاقے میںچرچ میں ہنگامہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر کو تفصیلات سے آگاہ کرانے اور میمورنڈم دینےکے ساتھ ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اس کا سخت نوٹس لیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔آئین نے ہرشخص کو اس کے مذہب کی پاسداری اورتبلیغ کی مکمل آزادی دی ہے۔
میمورنڈم کی کاپیاں ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ویسٹ ڈویژن زون ایک) اور سینئر انسپکٹرواکولہ پولیس اسٹیشن کو بھی دی گئی ہیں۔ جوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈر ڈاکٹر منوج کمار شرما نے شرکائے وفد کی باتیں سننے کے بعد یقین دلایا کہ پولیس اس پرنگاہ رکھے ہوئے ہے، انہیںپہلے ہی سے اس کی خبر ہے ۔پولیس کی جانب سے اس کے تدارک کے لئے پیش بندی کی جارہی ہے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات کیلئے جانے والےوفد میں سمیر واگلے، اسمرتی نیواتیا، پاسٹر ڈیوڈ تریبھون، فادر فریزر مسکریہنس، نینا شاہ مورے، ایلوینا گونسالویز، پاسٹر جومن میتھیو، ڈولفی ڈیسوزا، شاکر شیخ، اشفاق محمد یعقوب، سندھیا پناسکر، شائستہ سید اعجاز، للیتا دیونالی اورایڈوکیٹ لارا جسانی وغیرہ شامل تھے۔
دھمکی آمیزپوسٹر میںکیا لکھا گیا ہے ؟
دھمکی آمیز پوسٹر میں لکھا گیا ہےکہ’ ’سکل ہندو سماج تیار رہے! اگر آنے والے ۴؍جولائی سنیچرتک ہندو مخالف واکولہ پولیس پرشاسن کے ذریعے واکولہ کے گاؤں دیوی میں ہورہے ہندوؤں کے مذہب تبدیلی معاملے میں۴؍ مشتبہ پاسٹروںپرسخت قانونی کارروائی نہیں کی جاتی ہے توہندو سماج سانتاکروز(مشرق) واکولہ میں اتوار ۵؍جولائی کو مذہب تبدیلی اجلاس کے ٹھیک سامنے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرے گا۔اگر علاقے میں نظم ونسق کی صورتحال بگڑی تو اس کی جواب دہی واکولہ پولیس انتظامیہ پر ہوگی ۔‘ ‘