برطانوی وزیراعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے اپنے شہریوں کے تعلق سے معلومات حاصل کی ، روسی صدر کا بھی اظہار افسوس۔
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 11:57 AM IST | Agency | London
برطانوی وزیراعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے اپنے شہریوں کے تعلق سے معلومات حاصل کی ، روسی صدر کا بھی اظہار افسوس۔
ایئر انڈیا کا بوئنگ ۷۸۷؍ڈریم لائنر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں ۲۴۲؍ مسافر سوار تھے جن میں ۵۳؍ برطانوی، ۷؍ پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل تھا۔ جائے حادثہ سے اب تک ۱۰۰؍ لاشیں نکالے جانے کی اطلاع ہے۔ اس معاملے میں دنیا بھر کے لیڈران نے اظہار افسوس کیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد آباد میں لندن جانے والے طیارے کے حادثے کے منانظر خوفناک ہیں جس میں بہت سے برطانوی شہری تھے۔ مجھے ہر اپ ڈیٹ کے بارے میں مطلع کیا جا رہا ہے۔ میری تعزیت متاثرین کے ساتھ ہے۔ دریں اثنا، برطانوی رکن پارلیمان لوسی پاول نے کہا کہ برطانوی حکومت ایئر انڈیا کے طیارے میں سوار لوگوں کو ’ہر ممکن مدد‘ فراہم کرے گی۔ پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے پاول نے کہا کہ بہت سے خاندان ایسے ہیں جو اپنے پیاروں کے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ ہم ان تمام خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:لاس اینجلس میں عراق وشام سے بھی زیادہ فوجی تعینات
برطانوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں مقامی حکام کے ساتھ مل کر حادثے کے ہر پہلو کی تحقیقات اور ملوث افراد کو مدد فراہم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ اگر برطانوی شہریوں کو قونصل خانے سے مدد کی ضرورت ہے یا وہ اپنے دوستوں یا خاندان کے بارے میں فکر مند ہیں، تو وہ ہیلپ لائن پر فون کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا، پرتگال کے ریاستی سیکریٹری برائے کمیونٹی امور، ایمیڈیو سوسا نے کہا کہ طیارے کے حادثے میں دوہری شہریت کے حامل ۷؍ پرتگالی شہری سوار تھے۔ پرتگالی حکام ان تمام افراد کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں طیارہ حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ احمد آباد میں طیارہ گرنے کے افسوس ناک حادثے کا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں مسافر طیارہ گرنےکی خبر بہت افسوس ناک ہے، سانحے پر ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو ہندوستان کے احمدآباد شہر میں ایک طیارہ پرواز کرتے ہی بلڈنگ سے ٹکرا کر گر پڑا۔