Inquilab Logo Happiest Places to Work

اداروں میں آر ایس ایس کی دراندازی پرکانگریس برہم

Updated: June 04, 2025, 12:04 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

مرکزی اپوزیشن نے انڈین کونسل برائے تاریخی ریسرچ میں بےضابطگیوں کی رپورٹ پر تشویش ظاہر کی،کانگریس لیڈرجے رام رمیش نے کہا:’’آر ایس ایس پیشہ ورانہ اداروں میں منظم طورپر دراندازی کرکے انہیں برباد کررہی ہے۔‘‘

Congress General Secretary Jairam Ramesh addressing the gathering. Photo: INN
کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے انڈین کونسل برائے تاریخی ریسرچ(آئی سی ایچ آر) میں  بےضابطگیوں  کی رپورٹ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ پیشہ ورانہ اداروں میں آر ایس ایس منظم طورپر دراندازی کرکے انہیں  برباد کررہی ہے۔  پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے گزشتہ روز ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں  کہا گیاتھا کہ’ اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنا‘نامی آر ایس ایس کی تنظیم اس ادارے میں  گھوٹالہ کے مرکز میں  ہے۔ 
 جے رام رمیش نے اس رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مئی ۲۰۱۴ء سے، پیشہ ورانہ اداروں میں آر ایس ایس کی منظم دراندازی ہوئی ہے۔ ایسی ہی ایک مثال انڈین کونسل برائے تاریخی ریسرچ ہے۔ اب ان کے کارکنوں  کو کسی اور نے نہیں بلکہ سینٹر ل ویجی لنس کمیشن جیسے ادارے ان پرالزام عائد کررہے ہیں۔ یہ ۱۴؍ کروڑ روپے کا گھوٹالہ ہے جو آئی سی ایچ آر کے لئے بہت بڑی رقم ہے۔ 
 انہوں نے مزید کہا کہ اس گھوٹالے کے مرکز میں آر ایس ایس کی ایک تنظیم ہے جسے اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنا(اے بی آئی ایس وائی) کے طو رپرجانا جاتاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان چوتھی بڑی معیشت بن چکا ہے یا بن سکتا ہے؟

انہوں نے رپورٹ بھی شیئر کی جس میں  اس تنظیم کو پوری طرح سے بے نقاب کیا گیا۔ جے رام رمیش نے کہا کہ آئی سی ایچ آرواحد ادارہ نہیں ہے۔ اعلیٰ یونیورسٹیوں سمیت کئی باوقار اداروں کو آر ایس ایس کے حامی انتہائی مشکوک تعلیمی اسناد کے ساتھ تباہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں واقعی حیران نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ شکوک و شبہات سب سےاوپر سے شروع ہوتے ہیں ۔ خیال رہے کہ رپورٹ میں  کہا گیا کہ مودی حکومت کی پہلی مدت کے تین سال بعد، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ تنظیم کے کئی اراکین کو دہلی میں انڈین کونسل برائے تاریخی ریسرچ میں کلیدی عہدوں پر مامور کیا گیا۔ 
 اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنانامی تنظیم کے اراکین کی تقرری آر ایس ایس کے ذریعہ ملک کی تاریخ کو دوبارہ لکھنے کے مقصد سے کی گئی۔ اس تنظیم کا دفتر بھی آر ایس ایس کے دفتر کی طرح دہلی میں  موجود ہے، حالانکہ یہ لوگ آئی سی ایچ آر کی نظریاتی تبدیلی کیلئے کام کررہے تھے لیکن ان پر بدعنوانیوں کے الزامات عائد ہوئے ہیں  جس سے خود حکومت بھی نوٹس لینے پر مجبور ہوگئی۔ اس ماہ کے آغازمیں ، سینٹرل ویجی لنس کمیشن نے اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنا کے۴؍ اراکین پر آئی سی ایچ آر میں مشکوک مالی لین دین کے لئے فرد جرم عائد کی۔ سی وی سی نے وزارت تعلیم کو چاروں کے ساتھ ساتھ۱۱؍ دیگر موجودہ اور سابق اہلکاروں کے خلاف جرمانے کی کارروائی شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK