Inquilab Logo

کانگریس کا انتخابی منشور، خوشحالی کا وعدہ ، نوجوانوں کو روزگار کی گیارنٹی

Updated: April 05, 2024, 11:24 PM IST | Agency | New Delhi

خواتین کیلئے ریزرویشن، کسانوں  کیلئے ایم ایس پی کی قانونی ضمانت،۵؍نیائے اور ۲۵؍ضمانتیں۔

KC Venugopal, Rahul Gandhi, Mallikarjan Kharge and Sonia Gandhi releasing the party`s election manifesto. Photo: PTI
کے سی وینو گوپال، راہل گاندھی ، ملکارجن کھرگے اور سونیا گاندھی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 کانگریس نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ’نیائے پتر‘ کے نام سے اپنا انتخابی منشور جاری  کردیا ہے جس میں  خوشحال ہندوستان کا وعدہ ہے اور نوجوانوں، خواتین،کسانوں اور محنت کش طبقہ  کے لئے کئی ضمانتوں کا اعلان بھی ہے۔پارٹی ہیڈکوارٹرس میں  ہائی کمان اور سینئر  لیڈروں کی موجودگی میں انتخابی منشور جاری کیاگیا ۔ واضح رہے کہ یہ منشور چدمبرم کی صدارت والی کمیٹی نے تیار کیا ہے۔اس موقع پر کانگریس صدر کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پی چدمبرم اور کے سی وینو گوپال موجود تھے۔ پارٹی نے ۵؍نیائے اور ۲۵؍ ضمانتوں کا وعدہ کرتے ہوئے اس کو انصاف کے پانچ ستون قرار دیا۔
 پارٹی نے نیائے پتر میں نوجوانوں کیلئے روزگار،کسانوں کو ایم ایس پی کی قانونی  گیارنٹی، خواتین کیلئے۵۰؍فیصد ریزرویشن ،محنت کش طبقہ کیلئے کئی سہولیات، درج فہرست ذات وقبائل کیلئے ریزرویشن میں۵۰؍ فیصد حد کا خاتمہ ،۱۵؍ مارچ ۲۰۲۴ء تک کے تمام تعلیمی قرضوں کی معافی، مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں ۳۰؍ لاکھ اسامیوں پر بھرتی، کم از کم یومیہ اجرت کو بڑھا کر ۴۰۰؍ روپے کرنا اور ہر ہندوستانی کیلئے ۲۵؍ لاکھ روپے کے ہیلتھ انشورنس کا وعدہ کیاگیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایرنڈول جامع مسجد کی چابی انتظامیہ کو سونپنے کی ہدایت ،مقامی مسلمانوں میں بے چینی

پارٹی نے مسلح افواج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کو ختم کرکے پہلے سے جاری نظام کو بحال کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ مختلف فصلوں کے ایم ایس پی کے لیے قانونی ضمانت فراہم کرے گی جو سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر طے کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ  کانگریس نے ذات پر مبنی سماجی واقتصادی صورتحال کیلئے ملک گیر مردم شماری کرانے کی بھی ضمانت دی۔ پارٹی نے کہا، وہ آئینی ترمیم کے ذریعے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ ذاتوں کے ریزرویشن کے لئے۵۰؍ فیصد کی حد کو ختم کر دے گی۔ پارٹی نے خواتین سے وعدہ کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آگئی تو ۲۰۲۵ءسے شروع ہونے والی مرکزی حکومت کی ملازمتوں میں نصف آسامیاں خواتین کیلئے مختص کرے گی۔ مہالکشمی اسکیم شروع کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے، پارٹی نے کہا کہ وہ ہر غریب ہندوستانی خاندان کو غیر مشروط نقد رقم کی منتقلی کے طور پر ہر سال ایک لاکھ روپے فراہم کرے گی۔ 
 کانگریس نے ساتھ ہی یہ وعدہ بھی کیا کہ انتخابات میں شفافیت اورانتخابی عمل کی ساکھ کو یقینی بنانے کیلئےانتخابی قوانین میں ترمیم کرے گی اور لوگ ایم وی ایم میں ووٹ ڈالنے کے بعد وی وی پیٹ کی پرچیوں کودوسرے باکس میں رکھ سکیں گے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کا ملان وی وی پیٹ سے کیا جاسکے گا۔کانگریس نےموجودہ جی ایس ٹی نظام کو بدلنے کا بھی  وعدہ کیا اور کہا کہ وہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ نافذ کردہ جی ایس ٹی قوانین کو جی ایس ٹی ۲؍ میں بدل دے گی۔ جی ایس ٹی کا نیا نظام عالمی طور پر قبول شدہ اصول پر مبنی ہوگا  اور جی ایس ٹی کی ایک واحد اور اعتدال پسند شرح ہوگی ۔پارٹی نے اگلے دس سال میں جی ڈی پی کو دگنا کرنے کابھی وعدہ کیا۔پارٹی نے کہا کہ کانگریس تیزی سے ترقی اور دولت کی پیداوار کے  لئے پرعزم ہے۔ ہم نے اگلے ۱۰؍سال میں جی ڈی پی کو دگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔چین کے ساتھ سرحدی معاملے پر، پارٹی نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ سرحدوں پر جوں کی توںصورتحال کو بحال کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی کہ وہ علاقے، جہاں ماضی میں دونوں فوجیں گشت کرتی رہی ہیں، ہمارے فوجیوں کے لیے دوبارہ قابل رسائی ہوں۔ اس میں مزید کہا گیاکہ ہم چین کے حوالے سے اپنی پالیسی کودرست کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK