پریس کانفرنس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت کا بیان، آئندہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دینے کا عزم۔
EPAPER
Updated: January 18, 2026, 7:28 PM IST | Mumbai
پریس کانفرنس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت کا بیان، آئندہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دینے کا عزم۔
گزشتہ ۲۰۱۷ءمیں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) کے انتخابات میں کانگریس کو ۳۱؍ سیٹیں ملی تھی جبکہ اس الیکشن میں اس میں ۷؍سیٹوں کی کمی آئی ہے۔ اس مرتبہ کانگریس کھاتے میں ۲۴؍ سیٹیں آئی ہیں۔ ان نتائج پر تاثرات دیتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت نے سنیچر کو کہا ہے کہ ’’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حکمراں مہایوتی کی جانب سے پولیس، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کے سہارے سام، دام، دَنڈ اور بھید کی پالیسی بڑے پیمانے پر استعمال کئے جانے کے باوجود کانگریس پارٹی کے کارکنان نے عزم، استقلال اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ نہایت مشکل حالات میں منعقد ہونے والے اس انتخاب میں اگرچہ کانگریس کو حاصل ہونے والی نشستیں تعداد کے اعتبار سے بہت زیادہ نہیں ہیں لیکن ممبئی میں پارٹی کو جو کامیابی ملی ہے وہ اطمینان بخش ضرور ہے۔ آئندہ دور میں پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہجومی تشدد کے ملزمین نے مقتول سلیمان کے والد کو دھمکایا، شکایت درج
راجیو گاندھی بھون (آزاد میدان) میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا کہ ’’بی جے پی منظم طریقے سے اپوزیشن پارٹیوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن امیدواروں کو توڑنا، پارٹیوں میں پھوٹ ڈالنا، اپوزیشن کو کسی قسم کی مدد یا فنڈنگ نہ ملنے دینا یہ سب طریقے حکمراں بی جے پی کی جانب سے اپنائے گئے۔ اس ماحول کے باوجود کانگریس پارٹی اور اس کے کارکنان ڈٹے رہے اور پوری شدت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ کانگریس نے اس انتخاب میں ۱۵۲؍ امیدوار میدان میں اتارے تھےجن میں سے۲۴؍ امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ اس نتیجے سے کانگریس کارکنان کا حوصلہ پست نہیں ہوا بلکہ یہ فتح انہیں نئی توانائی دینے والی ہے۔ ہم اپنی کمزوریوں کا جائزہ لیں گے، نتائج کا تجزیہ کریں گے اور آئندہ مزید طاقت اور عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی یہ لڑائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: یوپی: مسلم خاندانوں کو گائوں خالی کرنے کے دھمکی آمیز پمفلٹ، پولیس کارروائی سست
ایک سوال کے جواب میں سچن ساونت نے کہا کہ’’ ونچت بہوجن اگھاڑی کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات درست نہیں ہیں۔ انہیں ان کی مطلوبہ نشستیں دی گئیں، تاہم بعض جگہوں پر امیدوار دستیاب نہ ہو سکے اور کچھ نشستوں پر دوستانہ مقابلہ ہوا۔ اگر دونوں جانب سے بہتر منصوبہ بندی ہوتی تو نتائج مزید بہتر ہوسکتے تھے۔ ‘‘اس پریس کانفرنس میں ممبئی کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر سریش چندر راج ہنس بھی موجود تھے۔