Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کے۴۰؍ اسٹار پرچارکوں کی فہرست جاری

Updated: April 08, 2026, 3:03 PM IST | Agency | New Delhi

پہلے مرحلے کی اس فہرست میں کھرگے، سونیا، راہل، پرینکا، ششی تھرور، ادھیر رنجن چودھری، سلمان خورشید، عمران پرتاپ گڑھی اور محمد اظہرالدین کے نام شامل۔

Mohammad Azharuddin.Photo:INN
محمد اظہر الدین- تصویر:آئی این این
مغربی بنگال میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ جوں جوں دن قریب آرہے ہیں، سیاسی درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازیوں کے ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں نے انتخابی مہم کی اپنی اپنی تیاریاں بھی تیز کر دی ہیں۔ اس درمیان پہلے مرحلہ کیلئے کانگریس نے۴۰؍ اسٹار پرچارکوں کی اپنی فہرست جاری کر دی ہے۔اس سے قبل ترنمول کانگریس اور بی جےپی کی جانب سے بھی اسٹار پرچارکوں کی فہرست جاری کی جاچکی ہے۔ تھوڑی دیر سے ہی سہی لیکن کانگریس نے اپنی ایک مضبوط فہرست پیش کی ہے۔ انتخابی مہم کو تیز کرنے کیلئے کانگریس نے اس فہرست میں قومی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک کے سینئر لیڈران کو شامل کیا ہے جو انتخابی میدان میں پارٹی کے حق میں ماحول بنانے کا کام کریں گے۔ ان ناموں کااعلان ہوتے ہی لیڈران نے کمر کس لی ہے اور جلد ہی میدان میں اتر جائیں گے۔ کانگریس لیڈران نے واضح کیا ہے کہ چونکہ وہ اس بار اپنے دم پر الیکشن لڑرہے ہیں اسلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھنا چاہتے۔
کانگریس کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بنیادی طور پر اس مہم کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ تنظیم کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور سینئر  لیڈر غلام احمد میر بھی انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کریں گے۔
 
 
کانگریس کی جانب سے جاری کی گئی اسٹار پرچارکوں کی اس فہرست میں سبھاش سرکار، بی کے ہری پرساد، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، مکل واسنک، رندیپ سنگھ سرجے والا اور ادھیر رنجن چودھری جیسے لیڈروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ فہرست میں سلمان خورشید،ششی تھرور، سچن پائلٹ، دیپا داس منشی، سید نصیر حسین، پروفیسر پردیپ بھٹاچاریہ، ڈی پی رائے، عیسیٰ خان چودھری، طارق انور، محمد جاوید، گورو گوگوئی اور کے ایل شرما کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
 
 
کانگریس نے۴۰؍ اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں عمران پرتاپ گڑھی، عمران مسعود، سدیپ رائے برمن، کنہیا کمار، الکا لامبا، ادے بھانو چِب، بی پی سنگھ، امبا پرساد، پونگولیٹی سری نواس ریڈی، شکیل احمد خان، محمد اظہر الدین، دیپکا پانڈے سنگھ، امیتابھ چکرورتی، منیش تمانگ اور عرفان انصاری کو بھی شامل کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں رواں ماہ۲؍ مرحلوں میں اسمبلی انتخاب کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں۲۳؍ اپریل اور دوسرے مرحلے میں۲۹؍ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ انتخابات کے نتائج۴؍ مئی کو جاری کئے جائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK