این سی پی (اجیت) کی کارپوریٹر نے بدھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں الزام عائد کیا کہ میٹھی ندی کی صفائی میں فریب دہی ہورہی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ یہاں تعمیراتی کام کا ملبہ لاکر ندی سے نکلنے والے کیچڑ میں ملایا جاتا ہے اور ۲؍ سے ۴؍ روز تک اسی جگہ پڑے رہنے کے بعد اسے وہاں سے ہٹا کر پھینک دیا جاتا ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ تمام کیچڑ ندی کی صفائی میں نکلا ہے۔
میٹھی ندی۔ تصویر:آئی این این
این سی پی (اجیت) کی کارپوریٹر نے بدھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں الزام عائد کیا کہ میٹھی ندی کی صفائی میں فریب دہی ہورہی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ یہاں تعمیراتی کام کا ملبہ لاکر ندی سے نکلنے والے کیچڑ میں ملایا جاتا ہے اور ۲؍ سے ۴؍ روز تک اسی جگہ پڑے رہنے کے بعد اسے وہاں سے ہٹا کر پھینک دیا جاتا ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ تمام کیچڑ ندی کی صفائی میں نکلا ہے۔ اس فریب دہی کی روک تھام کیلئے انہوں نے ڈرون سیٹیلائٹ سے صفائی کی نگرانی کا مطالبہ کیا ہے۔ڈاکٹر سعیدہ خان کے مطابق میٹھی ندی سے جو کیچڑ نکلتا ہے اس میں ملبہ ملا دیا جاتا ہے اور پھر اسے گاڑیوں میں بھر کر پھینکا جاتا ہے جس سے وزن بڑھ جاتا ہے اور وزن کے حساب سے ٹھیکیدار کو قیمت ادا کی جاتی ہے۔ ان کاالزام ہے کہ اس طرح بی ایم سی کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔اپنی بات کو ثابت کرنے کیلئے سعیدہ خان نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین کو تصویریں دینے کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ اس پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر (پروجیکٹس) نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں گے۔ڈاکٹر سعیدہ کے مطابق بدھ، ۲۹؍ اپریل تک میٹھی ندی سے ۲۸ء۴۵؍ ٹن کیچڑ نکالنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس سال میٹھی ندی سے ایک لاکھ ۳۲؍ ہزار ٹن کیچڑ اور کچرا نکالنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ۳۱؍ مئی تک میٹھی ندی کی صفائی مکمل کرنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی دھوکہ بازی کی روک تھام کیلئے ڈرون سیٹیلائٹ کی مدد سے اس کام کی نگرانی کی جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس میٹھی ندی کی صفائی میں بدعنوانی کے الزامات عائد ہونے کی وجہ سے ٹھیکیداروں کے خلاف جانچ شروع ہوئی تھی اور تین میں سے دو ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کردیا گیا تھا اور اس معاملے میں بدعنوانی کے الزام میں کئی افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔
باندرہ میں ٹرک نےمعمر خاتون کو کچل دیا
ٹرک ڈمپر ڈرائیوروں کے لاپروائی سے گاڑی چلانے کے سبب شہر میں ہونے والے حادثات کی تعداد میں اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔ بدھ کو باندرہ ایس وی روڈ پر سہ پہر ۳؍بجے ایک اور ٹرک ڈمپر ڈرائیور نے انتہائی لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک معمر خاتون کو کچل دیا اور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔حادثے کے فوراً بعد راہگیروں اور مقامی افراد نے متاثرہ کو زخمی حالت میں اسپتال داخل کیا تھا لیکن علاج سےقبل اس کی موت ہوگئی ۔
باندرہ پولیس کے مطابق حادثہ سہ پہر۳؍ بجے اس وقت پیش آیا تھا جب باندرہ ایس وی روڈ پر ایک خاتون سڑک کے کنارے چل رہی تھی اور اچانک ایک ٹرک ڈمپر ڈرائیور نے انتہائی لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے خاتون کو کچل دیا اور فرار ہوگیا ۔ خاتون کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی ۔مقامی افراد نے خون میں لت پت خاتون کو نزدیکی اسپتال میں داخل کیا تھا لیکن علاج سے قبل ہی اسے مردہ قرار دے دیا گیا ۔ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، البتہ باندرہ پولیس نے نامعلوم ملزم ٹرک ڈرائیور کے خلاف کیس درج کیا ہےاور ملزم کو سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ان دنوں شہر اور مضافات میں ٹرک ڈمپر ڈرائیوروں کے لاپروائی سے گاڑی چلانے کے سبب حادثات میں اضافہ ہوا ہے ۔