وزیر داخلہ نے تمام ریاستوں میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی، ۲۰۲۹ء تک ملک کو منشیات کی پاک کرنے کا عزم۔
EPAPER
Updated: January 11, 2026, 11:38 AM IST | New Delhi
وزیر داخلہ نے تمام ریاستوں میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی، ۲۰۲۹ء تک ملک کو منشیات کی پاک کرنے کا عزم۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے۳۱؍ مارچ سے منشیات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ۳؍سالہ مہم چلائی جائے گی تاکہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ کو ممتا کاکھلا چیلنج، قلعی کھول دینے کی دھمکی
نارکو کوآرڈنیشن سینٹر (این سی او آر ڈی) کی نویں اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ اجتماعی مہم کے تحت منشیات کے خلاف ہر پہلو پرکام کرنے کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، اہداف مقرر ہوں گے اور وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کی جانب سے اعلان کردہ تاریخ کے مطابق منشیات کے خلاف یہ مہم۳۱؍ مارچ کو نکسل ازم کے مکمل خاتمے کی ان کی مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے فوراً بعد شروع کی جائے گی۔
امیت شاہ کے ہاتھوں امرتسر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر کا ورچوئل افتتاح کے موقع پر سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این سی بی کی جانب سے ہائبرڈ موڈ میں منعقد کی گئی اس میٹنگ میں مرکزی وزارتوں اور محکموں کے اہم نمائندے، ریاستی حکومتوں کے نمائندے اور منشیات سے نمٹنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ امت شاہ نے تمام محکموں اور ریاستوں کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی ہےکہ وہ۳۱؍ مارچ تک منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ تیار کریں، نگرانی کا نظام قائم کریں اور مکمل توجہ کے ساتھ اس پر کام کریں تاکہ ایک جامع حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ’’آئندہ ۳؍برسوں میں ہمیں پورے ملک میں ہر محاذ پر منشیات کے خلاف لڑنا ہے، ہندوستان کو’منشیات سے پاک‘ کرنا ہے اور ملک کے نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہے۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ’’مسلسل بیداری ہی ہمیں محفوظ رکھ سکتی ہے۔ ‘‘وزیر داخلہ نے واضح کیاکہ حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ منشیات بنانے اور بیچنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ’’ہمیں منشیات کے شکار افراد کے تئیں انسانی ہمدردی پر مبنی رویہ اختیار کرنا چاہیے جبکہ منشیات پیدا کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف کسی طرح کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ‘‘ وزیر داخلہ نے ۲۰۲۹ء تک ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے۲۰۴۷ء تک ہندوستان کو ہر شعبے میں دنیا میں نمبر ون بنانے کا ہدف رکھا ہے۔ ایسے ہندوستان کی تعمیر کیلئے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوان نسل کو منشیات سے مکمل تحفظ فراہم کریں۔ ‘‘