علاقے کے پٹنی روڈ پرگیگا فلیکس کمپنی کے ذریعے راہیجا بلڈرزکے تعمیراتی کام کے دوران حادثہ ،پولیس کی جانچ شروع۔
EPAPER
Updated: August 19, 2026, 2:33 PM IST | Agency | Navi Mumbai
علاقے کے پٹنی روڈ پرگیگا فلیکس کمپنی کے ذریعے راہیجا بلڈرزکے تعمیراتی کام کے دوران حادثہ ،پولیس کی جانچ شروع۔
پیر کی سہ پہر ایرولی کے پٹنی روڈ پر ایک تعمیراتی سائٹ پر کرین کا ہک اچانک ٹوٹنے اور بھاری سامان گرنے سے جائے وقوع پر کام کررہے ۲؍ مزدور ہلاک ہوگئے۔مہلوکین کی شناخت کی شناخت بابی رائے(۴۱) اور راہل مشرا (۳۳) کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثہ دوپہر کے قریب ایک تعمیراتی جگہ پر پیش آیا جہاں گیگا فلیکس کمپنی کے ذریعے راہیجا بلڈرز کا تعمیراتی کام جاری ہے۔پولیس کے مطابق کرین تعمیراتی سامان لے جانے کیلئے استعمال کی جا رہی تھی کہ اچانک اس کا ہک ٹوٹ گیا اور کرین کا ایک بھاری سامان یا پرزہ نیچے کام کرنے والے۲؍ مزدوروں پر گرگیا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ڈونالڈ ٹرمپ کی مقبولیت کم ترین سطح پر: ایران جنگ و امیگریشن پرعوامی رائے
دونوں کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔اس واقعہ کے بعد رابالے پولیس اسٹیشن کے اہلکار اور ایرولی میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے پنچنامہ کیا اور عینی شاہدین اور تعمیراتی کام سے وابستہ دیگر افراد کے بیانات قلمبند کیا۔پولیس جائے وقوع سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور کرین کی تکنیکی حالت، دیکھ بھال کے ریکارڈ، حفاظتی انتظامات اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ کر رہی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔سینئر پولس انسپکٹر بال کرشنا ساونت نے کہا’’اس بات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے کہ حادثہ کا ذمہ دار کون تھا اور کیا کرین کی دیکھ بھال یا حفاظتی انتظامات میں کوئی کوتاہی ہوئی تھی۔ تحقیقات کے بعد ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘رابالے پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔