Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹا، میچ کے بعد اسٹار فٹبالر آبدیدہ

Updated: July 07, 2026, 1:05 PM IST | New York

پرتگال کے ۴۱؍ سالہ کپتان اور دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ خطاب جیتنے کا خواب پری کوارٹر فائنل میچ میں اسپین کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ۰۔۱؍گول سے ملنے والی ہار کے بعد ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے، جس پر وہ میدان میں آنسو بہاتے نظر آئے۔

Cristiano Ronaldo.Photo:X
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:ایکس

پرتگال کے۴۱؍ سالہ کپتان اور دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا خواب پری کوارٹر فائنل میچ میں اسپین کے ہاتھوں سنسنی خیز میچ کے بعد ۰۔۱؍گول سے ملنے والی ہار کے بعد ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے، جس پر وہ میدان میں آنسو بہاتے ہوئے نظر آئے۔ 


 امریکہ ،ٹیکساس میں کھیلے جانے والے ٹاپ۱۶؍راؤنڈ کے اس اہم میچ میں رونالڈو حریف دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے اور پرتگالی حملوں کو فیصلہ کن شکل نہ دے سکے۔ اپنے شاندار کریئر میں لاتعداد کلب ٹرافیز اور ۲۰۱۶ء کا یورپی چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنے والے کرسٹیانورونالڈو کے سجا سجایا کیبنٹ میں اب کبھی ورلڈ کپ کا میڈل نہیں سج سکے گا۔ میچ کے بعد انتہائی مایوسی کے عالم میں گفتگو کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ فٹبال میں کبھی جیت اور کبھی ہار ہوتی ہے، وہ مطمئن ضمیر کے ساتھ ورلڈ کپ اسٹیج سے رخصت ہو رہے ہیں کیونکہ ان کے لئے ۲۰۱۶ء کا یورو کپ جیتنا بھی ورلڈ کپ جتنا ہی اہم تھا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے اس آخری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ۳؍ گول اسکور کیے جن میں ازبکستان کے خلاف دو گول اور کروشیا کے خلاف پنالٹی پر کیا گیا گول شامل ہے، تاہم وہ اسپین کے خلاف میچ میں کوئی جادو نہ جگا سکے۔ پانچ بار بیلون ڈی اور کا ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو حالیہ برسوں میں اپنی روایتی رفتار کھو چکے تھے جس کی وجہ سے وہ ونگز چھوڑ کر سینٹر فارورڈ کے طور پر کھیل رہے تھے اور ان پر کریئر کو ضرورت سے زیادہ طول دینے پر تنقید کا سامنا بھی تھا۔ میچ کے اختتام پر فٹبال کی تاریخ کا یہ پہلا ارب پتی کھلاڑی اور انسٹاگرام پر ۶۷۱؍ ملین فالوورز رکھنے والا سپر سٹار اکیلا اور رنجیدہ حالت میں میدان سے باہر روانہ ہوا۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ : بلجیم امریکہ کوہرا کر کوارٹر فائنل میں داخل


اسپین کے متبادل کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں ٹیم کو دلائی جیت
فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں اسپین نے پیر کی رات کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال ٹیم کو۰۔۱؍گول  سے ہرا دیا۔ متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترنے والے میکل میرینو نے۹۱؍ ویں منٹ میں ڈرامائی گول داغ کر اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ میچ کی شروعات جارحانہ رہی اور دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن وہ ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف میں سخت اور سنسنی خیز مقابلہ اضافی وقت کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا تبھی اسپین کے دو متبادل کھلاڑیوں نے مل کر میچ کا واحد گول داغ دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:کرن جوہر نے اپنے والد کی فلاپ فلم’اگنی پتھ‘ کا ری میک بنایا جو سپرہٹ ثابت ہوئی


فیران ٹوریس نے میرینو کو پاس دیا اور انہوں نے پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا کو چکمہ دیتے ہوئے نچلے شاٹ سے گول داغ دیا۔ اس سے پہلے میکل اویارزابیل نے اسپین کو برتری دلانے کا ایک شاندار موقع گنوا دیا تھا جس کے بعد رونالڈو، جنہوں نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کی ایک کوشش کو انائی سیمون نے شاندار طریقے سے روک دیا اور کوسٹا نے ایلکس بائنا کے شاٹ کو اپنی انگلیوں کے پوروں سے بچا کر گول ہونے سے روک دیا۔ ہاف ٹائم سے پہلے سیمون نے رونالڈو کو ایک بار پھر گول کرنے سے روکا اور نونو مینڈس کے شاٹ کے ڈفلیکٹ ہونے سے گیند کراس بار پر لگی جس کے بعد دوسرے ہاف میں کچھ ہی واضح مواقع ملے اور میچ کا فیصلہ میرینو کی شاندار فنش سے ہوا۔ اسپین اب جمعہ کو لاس اینجلس میں کوارٹر فائنل میں بلجیم  سے ٹکرائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK