Inquilab Logo Happiest Places to Work

خام تیل پھر رُو بہ عروج، ہندوستانی شیئر بازار پر منفی اثر

Updated: August 20, 2026, 1:42 PM IST | Agency | New Delhi

ایران -امریکہ تنازع کے پھر غیر یقینی رُخ اختیار کرلینے کی بنا پرسینسیکس ۳۲۵؍ پوائنٹس کی گروٹ کے ساتھ بند ہوا ، روپے کی قدر بھی کم ہوئی۔

Crude oil prices directly affect the stock market. Picture: INN
خام تیل کی قیمتیں شیئر بازار کو براہ راست متاثر کرتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ایران اور امریکہ کے درمیان جون میں پاکستان کی ثالثی سے اسلام آباد میں  طے پانے والی مفاہمتی یاد داشت  (میمورنڈم آف انڈراسٹینڈنگ) کی ۱۷؍ اگست کو ۶۰؍روزہ مدت ختم ہو جانے  کے بعد  دونوں  ممالک کے درمیان جنگ بندی بھی ختم ہوگئی ہے،اس کی وجہ سے پیدا ہونےوالی غیر یقینی صورتحال کا اثر خام  تیل پر بھی پڑ رہاہے اور اس کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے لگی ہیں۔ اس کا  ہندوستانی شیئر بازار پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔ بازار گراوٹ کے ساتھ کھلا اور سینسیکس ۳۲۵؍ پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ 

ایک طرف جہاں ایران کا مؤقف ہے کہ امریکی دباؤ ختم کئے  بغیر آبنائے ہرمز پر معمول کی صورتحال بحال نہیں ہو سکتی وہیں امریکہ  نہ صرف ایران پر دباؤ برقرار رکھنے پر زور دے رہا ہے بلکہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کی باتیں بھی کررہاہے ایران نے بھی خبردار کیا کہ اگر سفارت کاری ناکام ہوئی تو وہ مزیدسخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:وال مارٹ کا اے آئی منصوبہ ناکام: کمپنی کے ملازمین کو اے آئی کی غلطیوں کو درست کرنا پڑ رہا ہے

 خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر تقریباً۹۲؍ ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں جو گزشتہ ۳؍ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب ہے۔   ہرمز سے تیل کے ٹینکروں کی آمدورفت سے متعلق  اندیشوں  اور خطے میں کشیدگی کی بنا پر سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے تیل کی قیمتوں  پر دباؤ بڑھایا ہے۔خام تیل مہنگا ہونے سے ہندوستان کے درآمدی بل اور مہنگائی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، کیونکہ ملک اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمدی خام تیل سے پورا کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے جذبات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ہندوستانی شیئر بازار میں لگاتار ۷؍ ویں دن گراوٹ

ہندوستانی شیئر بازار مسلسل ۷؍ تجارتی سیشن میں گراوٹ کے ساتھ بند ہوئی۔یہ نفٹی میں ۱۱؍ ماہ کی سب سے طویل مسلسل گراوٹ  ہے۔ اس دوران نفٹی اور سینسیکس دونوں میں مجموعی طور پر تقریباً۲ء۱؍ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔بدھ کو سینسیکس۳۲۵ء۷۸؍ پوائنٹس کی کمی کے ساتھ۷۶؍ ہزار ۹۱۰؍ پر بند ہوا جبکہ  نفٹی میں ۷۷؍ پوائنٹس کی گراوٹ رہی اور یہ۲۴؍ہزار ۷۸؍کی سطح پر بند ہوا۔ ایف ایم سی جی، میڈیا اور انرجی کے شیئرز میں آج زیادہ فروخت دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھئے:کرسل کی رپورٹ، پرنٹنگ کے کاغذ کی صنعت میں رواں سال منافع بڑھنے کی توقع

روپے کی قدر میں گراوٹ

ہندوستانی روپیہ بھی پیر کو تیل کی بلند قیمتوں اور کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کی مسلسل طلب کی وجہ سےتین ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔بھارتی روپیہ گزشتہ کاروباری سیشن کے ۹۵ء۶۸؍ کے مقابلے میں۹۴ء۷۵ فی ڈالر پر بند ہوا۔گزشتہ ۱۰؍دنوں کے دوران ریزرو بینک آف انڈیا مارکیٹ میں مسلسل  مداخلت کرکے روپے کو سنبھال رہا ہے  اس نےتاجروں کو روپے کے خلاف منفی پوزیشن لینے سے محتاط کر دیا ہے، کیونکہ روپیہ۹۶؍فی ڈالر کی اہم نفسیاتی سطح کے قریب پہنچ رہا ہے۔

’’ روپے کو سنبھالنے کے بجائے مہنگائی پر توجہ دیں‘‘

وزیراعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن سنجیو سانیال نے کہا ہے کہ  ہندوستان کو روپے کی گراوٹ روکنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ اس کے بجائے روپے کو مارکیٹ کے مطابق اپنی سطح طے کرنے دینا چاہیے۔  ان کے مطابق حکومت کی بنیادی توجہ مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھنے پر ہونی چاہیے۔ سانیال نے یاد دہانی کرائی کہ جب ملک نے افراطِ زر کو ہدف بنانے کے فریم ورک کو اپنایا تھا، تب اس نے کرنسی کی شرح تبادلہ کے بجائے مانیٹری پالیسی کو ترجیح دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK