Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیکسی اور رکشاڈرائیوروں کیلئے لازمی مراٹھی قانون کا آج سے نفاذ

Updated: August 20, 2026, 2:14 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پہلی مرتبہ پکڑے جانے پر صرف ایک ماہ کا نوٹس دیا جائے گا، دوسری مرتبہ میں بیج اور لائسنس کو ۳؍ ماہ کیلئے معطل کیا جائے گا اور تیسری مرتبہ میں بیج اور لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

The law making Marathi mandatory for taxi and rickshaw drivers was passed in 1989. Picture: INN
ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی لازمی کا قانون ۱۹۸۹ء میں منظورکیا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این

ٹیکسی اور آٹورکشا ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی لازمی  قانون پر  جمعرات  ۲۰؍ اگست (آج) سے نفاذ شروع ہوگیا ہے اور مراٹھی نہ جاننے والے ڈرائیوروں کو پہلے صرف نوٹس دے کر ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی، اس کے بعد مراٹھی نہ آنے پر ۳؍ مہینوں کیلئے بیج معطل کیا جائے گا اور اگر اس کے بعد بھی کوئی جان بوجھ کر مراٹھی نہیں سیکھتا تو اس کا بیج اور لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ یہ معلومات وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے بدھ کو منترالیہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں ٹیکسی اور رکشا چلانے کیلئے مراٹھی لازمی طور پر جاننے کا قانون ۱۹۸۹ء میں پاس کیا گیا تھا۔ تاہم اب اس قانون میں ترمیم کرکے اس پر سختی سے عمل شروع کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران امریکہ جنگ: ٹرمپ کا دباؤ، جنوبی کوریا کو امریکی اتحاد پر تشویش

ریاستی وزیرپرتاپ سرنائک نے اس تعلق سے یہ بات دہرائی کہ حکومت کسی کا روزگار چھیننا نہیں چاہتی بلکہ یہاں رہنے والوں کو روزگار فراہم کرنا سرکار کی ذمہ داری ہے۔ تاہم مہاراشٹر کی زبان اور ثقافت کو برقرار رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ قانونی پر سختی سے عمل کا فیصلہ مراٹھی کو کلاسیکی زبان کا درجہ ملنے کے بعد مراٹھی کو فروغ دینے اور اس زبان کے تحفظ کے مقصد سے کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ڈرائیور جان بوجھ کر مراٹھی نہیں سیکھنے کا موقف اختیار کئے ہوئے ہیں، ان پر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کی جائے گی لیکن انسانی بنیادوں پر انہیں اضافی وقت نہیں دیا جائے گا۔

ڈرائیور مراٹھی جانتے ہیں یا نہیں، اس کی جانچ کی ذمہ داری ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر روی گائیکواڑ کو دی گئی ہے جو ایک مہینے تک خصوصی مہم چلائیں گے اور ایک ماہ بعد اس کی رپورٹ پیش کریں گے۔آر ٹی او کے فلائنگ اسکواڈ کو بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈرائیوروں کے مراٹھی جاننے کی جانچ کریں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’سیرتِ مصطفیٰ ؐ کو اپنا کر اپنی زندگیوں کو روشن کریں‘‘

نئے بیج جاری کرتے وقت ویڈیو ریکارڈنگ

ریاست بھر میں اب تک تقریباً ۹؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار رکشا اور ٹیکسی کے لائسنس اور بیج جاری کئے جاچکے ہیں لیکن اب نئے لائسنس اور بیج جاری کرتے وقت آر ٹی او افسران و اہلکار براہِ راست ڈرائیوروں سے گفتگو کے ذریعہ جانچ کریں گے کہ انہیں مراٹھی آتی ہے یا نہیں اور اس کی ویڈیو ریکارڈنگ کریں گے۔ ان کے مطابق بیج اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک کہ یہ واضح نہ ہوجائے کہ ڈرائیور اپنے کام کاج میں مراٹھی استعمال کرنے کا علم رکھتا ہے۔

ڈرائیوروں کیلئے آنند دیگھے اسکیم

ریاستی وزیر پرتاپ سرنائک نے دعویٰ کیا کہ دھرم ویر آنند دیگھے صاحب مہاراشٹر آٹو رکشا اینڈ میٹر ٹیکسی ڈرائیورس ویلفیئر بورڈ کے تحت مختلف اسکیموں کیلئے تقریباً ۵۷؍ کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ اس اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد ۳۷؍ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت طلبہ کیلئے اسکیمیں ہیں، ۶۵؍ سال کی عمر کے بعد رکشا ڈرائیوروں کو ۱۰؍ ہزار روپے کی گرانٹ دی جاتی ہے جبکہ سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے بھی مالی مدد   دی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK