Inquilab Logo Happiest Places to Work

سورت میں ۱۲۵؍ کروڑ روپے کی سائبر دھوکہ دہی کا پردہ فاش، مزید چار ملزمین گرفتار

Updated: August 13, 2026, 4:34 PM IST | Surat

سورت سائبر کرائم پولیس نے ملک گیر سائبر فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید چار ملزمین کو پٹنہ کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ APK فائلوں کے ذریعے ۵؍ ہزار ۶۱۳؍ افراد سے مجموعی طور پر ۱۲۵؍ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی، جبکہ ۳۱؍ ہزار ۱۷۴؍ افراد نے یہ خطرناک فائلیں ڈاؤن لوڈ کی تھیں۔ گرفتار ملزمین مبینہ طور پر مختلف ڈیولپرز سے APK فائلیں خرید کر انہیں سائبر فراڈ کرنے والوں تک پہنچاتے اور ملک بھر میں تقسیم کرواتے تھے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سورت سائبر کرائم پولیس نے ملک گیر سائبر فراڈ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے مزید چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے ۵؍ ہزار ۶۱۳؍ افراد سے مجموعی طور پر ۱۲۵؍ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔ گرفتار ملزمین مبینہ طور پر سائبر جرائم پیشہ افراد کو نقصان دہ APK فائلیں فراہم اور انہیں ملک بھر میں تقسیم کرتے تھے۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق ۳۱؍ ہزار ۱۷۴؍ افراد نے یہ مشتبہ APK فائلیں ڈاؤن لوڈ کی تھیں، جن میں سے ۵؍ ہزار ۶۱۳؍ افراد سائبر فراڈ کا شکار ہوئے۔ ان متاثرین کے بینک کھاتوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ ۶؍ ہزار ۶۴۳؍ ڈیبٹ ٹرانزیکشنز کے ذریعے ۱۲۵؍ کروڑ روپے نکالے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: ۵۸؍ لاکھ کنبی ریکارڈ میں ۳۷؍ لاکھ پرانے ہیں جنکے سرٹیفکیٹ جاری ہو چکے ہیں

چاروں ملزمین کو بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔ سورت سائبر کرائم پولیس نے رات گئے ہوٹل پر چھاپہ مارا، جہاں پولیس نے چاروں ملزمین کو سویا ہوا پایا اور انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین APK فائلیں ان کے ڈیولپرز سے خریدتے تھے اور پھر انہیں سائبر فراڈ کرنے والے افراد کو فراہم کرتے تھے، جو ان فائلوں کو ملک بھر میں اپنے ممکنہ متاثرین تک پہنچاتے تھے۔ واضح ہو کہ یہ گرفتاریاں گزشتہ ماہ APK فائلوں کے ڈیولپر روہت ساکیا کی گرفتاری کے بعد عمل میں آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ساکیا مبینہ طور پر سائبر جرائم پیشہ افراد کیلئے یہ فائلیں تیار کرکے انہیں فراہم کرتا تھا۔ ساکیا اس وقت پولیس کے ریڈار پر آیا جب سورت کے ایک رہائشی کے ساتھ سائبر فراڈ کے ذریعے ۵؍ لاکھ روپے کی دھوکہ دہی ہوئی۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائم) ڈاکٹر کرن راج واگھیلا نے بتایا کہ سورت کے ایک رہائشی سے ۵؍ لاکھ روپے کی سائبر دھوکہ دہی کے بعد گزشتہ ماہ APK فائل کے ڈیولپر روہت ساکیا کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ساکیا یہ فائلیں سائبر جرائم پیشہ افراد کو فراہم کر رہا تھا۔ اب پولیس نے پٹنہ کے ایک ہوٹل سے ان فائلوں کے چار خریدار اور تقسیم کار کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جس طرح ہمیں ہر بار ٹوکتے رہتے ہو،اسی طرح انہیں کیوں نہیں ٹوکتے؟ خاموشی سے کیوں سنتے ہو؟

گرفتار ملزمان کی شناخت ظہرول انصاری عرف چاند (۳۵)، راجن کمار سونی (۱۹)، آدتیہ راج (۱۹) اور سمیر انصاری عرف شکتی مان (۲۸) کے طور پر ہوئی ہے۔ تحقیقات کے دوران سائبر کرائم ٹیم نے ملزم انصاری کا سراغ لگانے کیلئے جھارکھنڈ کے جامتاڑا اور دیوگھر کا سفر کیا۔ پولیس کے مطابق انصاری مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر رہا تھا۔ پولیس ٹیم نے جامتاڑا سے دیوگھر تک اس کا پیچھا کیا، تاہم پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ بہار روانہ ہوگیا۔ بعد ازاں تفتیش کاروں نے اس کا سراغ پٹنہ میں لگا لیا، جہاں ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر پولیس نے انصاری سمیت تین دیگر ملزمین کو سوئے ہوئے گرفتار کر لیا۔

پولیس کی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمین مختلف ڈیولپرز سے APK فائلیں خرید کر انہیں سائبر فراڈ کرنے والوں تک پہنچاتے تھے۔ ڈیولپرز خریداروں کی ضرورت کے مطابق ان APK فائلوں کیلئے ۸؍ ہزار سے ۷۰؍ ہزار روپے تک وصول کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK