دیویندر فرنویس کے مطابق ممبئی میٹرو، ڈیری مصنوعات کیلئے ایک بڑا مارکیٹ فراہم کرے گا،اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، تجارت میں اضافہ ہوگا۔
دیویندرفرنویس۔ تصویر:آئی این این
چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس میٹرو اسٹیشن پر وارنا کوآپریٹیو دودھ پروڈیوسرز یونین کے ڈیری پروڈکٹ سیلز اسٹال کا افتتاح منگل کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوںعمل میں آیا ۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ ممبئی میٹرو ڈیری مصنوعات اور دیگر زرعی مصنوعات کو دیہی علاقوں سے ایک بڑے مارکیٹ تک پہنچانے کا ایک بڑا اور موثر ذریعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ یہ یقینی طور پر ممبئی میں دیہی مصنوعات کیلئے ایک صحیح بازار فراہم کرے گا۔اس تقریب کے موقع پر ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر اتل ساوے، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر، وارنا گروپ کے صدر ایم ایل اے ڈاکٹر ونے کورے (ساوکر)، ممبئی میونسپل کمشنر اور ممبئی میٹرو ریلوے کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر اشوینی بھڈے، نیز وارنا کوآپریٹیو دودھ پروڈیوسرس یونین کے عہدیداران موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ممبئی میٹرو۳؍شہر کی نئی لائف لائن ہے۔ یہ ایشیا میں سب سے طویل سنگل لین زیر زمین میٹرو ہے۔ یہ میٹرو نہ صرف نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتی ہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ہے جو معاشی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ میٹرو اسٹیشنوں پر قائم تجارتی اداروں نے دیہی مصنوعات کو براہ راست شہری صارفین تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ کولہاپور اور مہاراشٹر کے کسانوں کے ذریعہ تیار کردہ معیاری ڈیری مصنوعات اب ممبئی جیسے بازاروں میں ان اسٹالز کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ اس سے نہ صرف کسانوں کو ایک بہتر مارکیٹ ملے گا بلکہ صارفین کو معیاری مصنوعات بھی آسانی سے فراہم ہوں گی۔ میٹرو اسٹیشنوں پر اس طرح کے ادارے روزگار پیدا کریں گے، تجارت میں اضافہ کریں گے اور دیہی معیشت کو مضبوط کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے وارنا گروپ کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو اسٹیشن پر شروع کیا گیا وارنا اسٹال صرف ایک تجارتی ادارہ نہیں ہے بلکہ کولہاپور ضلع کے کسانوں کی عزت نفس کی علامت بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ فرنویس نے وارنا خاندان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وارنا گروپ نے ڈیری کاروبار کے ساتھ ساتھ کسانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جو کام کیا ہے وہ ملک کے لیے مثالی ہے۔
رکن اسمبلی ڈاکٹر ونے کورے نے کہا کہ وارنا گروپ کی جانب سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ کسان پروڈیوسروں سے دودھ اکٹھا کیا جاتا ہے اور اس کا معاوضہ باقاعدگی سے کسانوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ میٹرو اسٹیشنوں کے اسٹال اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے کہ ان کسانوں کے ذریعہ تیار کردہ ڈیری مصنوعات کو ممبئی جیسے بڑے بازار تک براہ راست رسائی حاصل ہو۔ یہ اسٹال نہ صرف ممبئی کے صارفین کو معیاری ڈیری مصنوعات فراہم کریں گے بلکہ دیہی معیشت کو بھی مضبوط کریں گے۔