• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈیو میتھیوز نے کنسرٹ میں غزہ نسل کشی روکنے کے مطالبے والے پلے کارڈز اٹھائے

Updated: November 13, 2026, 11:07 AM IST | New York

امریکی گلوکار اور راک بینڈ ڈیو میتھیوز بینڈ کے سربراہ نے اپنے ۲۰۲۶ء کے دورۂ موسیقی کے دوران کنسرٹس کے اختتام پر فلسطین کے حق میں پیغامات والے پلے کارڈز اٹھا کر غزہ میں جاری تباہی کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ ان پلے کارڈز پر ’فری فلسطین‘، ’یہ نسل کشی ہے‘ اور ’بچوں کا قتل بند کرو‘ کے نعرے درج تھے۔

Dave Matthews holding placards. Photo: X
ڈیو میتھیوز پلےکارڈز اٹھائے ہوئے۔ تصویر: ایکس

نیوز ویب سائٹ کیپیٹل پرینسا کی ۱۱؍ نومبر کی رپورٹ کے مطابق، ڈیو میتھیوز نے یہ پلے کارڈز اپنے حالیہ کنسرٹس کے آخری لمحات میں دکھائے۔ ان پیغامات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں۔ ان کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصان پر عالمی سطح پر فنکاروں اور موسیقاروں کی جانب سے آواز اٹھائی جارہی ہے۔ ڈیو میتھیوز بینڈ نے ۱۰؍ نومبر کو امریکی شہر بالٹی مور کے سی ایف جی بینک ایرینا میں پرفارم کیا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً ۳؍ گھنٹے جاری رہنے والا یہ کنسرٹ شائقین سے کھچا کھچ بھرے ہال میں منعقد ہوا۔ میتھیوز کے فلسطین سے متعلق پیغامات اسی دورۂ موسیقی کے دوران توجہ کا مرکز بنے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں جب میتھیوز نے اپنے کنسرٹ کے اسٹیج کو فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے استعمال کیا ہو۔ ۲۰۲۵ء میں نیو جرسی کے ایک کنسرٹ کے دوران بھی انہوں نے فلسطینی رومال پہن کر ’نسل کشی بند کرو‘ اور ’بچوں کا قتل بند کرو‘ کے پیغامات والے پلے کارڈز اٹھائے تھے۔ اس وقت بھی ان کے اس اقدام کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

رواں سال جون میں شمالی کیرولائنا کے شہر ریلی میں ایک کنسرٹ کے دوران میتھیوز نے اسرائیل پر اپنی تنقید کے حوالے سے بھی وضاحت پیش کی تھی۔ انہوں نے اسٹیج پر تحریری بیان پڑھتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسرائیل اور امریکی حکومت کی پالیسیوں اور غزہ و مغربی کنارے کے شہریوں کے ساتھ ان کے سلوک سے اختلاف رکھتے ہیں، لیکن ان کے موقف کو یہود دشمنی یا کسی مذہبی گروہ کے خلاف تعصب کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہودی عوام کی تاریخ اور ثقافت کے لیے اپنے احترام کا اظہار بھی کیا تھا۔ میتھیوز نے ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو اسرائیل پر حماس کے حملے کو خوف ناک اور پرتشدد واقعہ قرار دیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد فلسطینی عوام پر مسلط ہونے والی جنگ اور تشدد بھی اتنا ہی ہولناک ہے اور اس سے ان کی تکالیف میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں تشدد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ معاملے پر امریکی کارکنوں کا آئی سی سی سے ٹرمپ اور روبیو کے گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ

ڈیو میتھیوز کے حالیہ پلے کارڈز نے ایک بار پھر یہ بحث نمایاں کردی ہے کہ موسیقار اور فنکار اپنے فن کے ذریعے سیاسی اور انسانی مسائل پر کس حد تک اظہارِ خیال کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکی ریپر میکلمور بھی فلسطین کے حق میں اپنے بیانات اور پرفارمنس کے باعث خبروں میں رہے ہیں۔ ستمبر میں نیو جرسی کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں ان کے ’فری فلسطین‘ کے نعرے اور غزہ سے متعلق پیغامات پر تنازع پیدا ہوا تھا۔ بعد ازاں انہیں ایڈ شیرن کے دورۂ موسیقی سے الگ کردیا گیا، جس کے بارے میں میکلمور نے کہا تھا کہ ان کے فلسطین نواز موقف پر بعض مقامات نے اعتراض کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK