• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب کیلئے کئی ایئرلائنز نے نومبر کے اخیر تک اپنی خدمات روک دیں

Updated: November 13, 2026, 11:24 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایئر ٹکٹ میںبے تحاشہ اضافہ۔ کم خرچ میںعمرہ کیلئےلے جانےوالے ٹور آپریٹرس نے بھی وقتی طور پراپنی خدمات روک دیں۔ بڑے پیکیج والے ٹور آپریٹرس کی خدمات جاری۔

The increase in airline fares has led to a decline in the number of people traveling for Umrah. Photo: INN
ایئرلائنز کے کرایے میں اضافہ ہونے سے عمرہ کیلئے جانے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ تصویر: آئی این این

حوثیوں کے حملے کے بعد  سعودی عرب میں پیدا شدہ  حالات اب بھی معمول پر نہیں آئے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد ہندوستانی ایئرلائنز نے نومبرکے اخیر تک اپنی خدمات روک دی ہیں۔ حالات کی وجہ سے اور سعودی ایئرلائن کا کرایہ بڑھاکر ۵۵؍ہزار روپے تک کئے جانے کے سبب ایک لاکھ روپے کے پیکیج میں عمرہ کےلئے لے جانے والے ٹورآپریٹرس نےمجبوراً وقتی طور پر اپنی خدمات روک دی ہیں۔ دوسری جانب ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد دو لاکھ اور ڈھائی لاکھ روپے پیکیج والے ٹور آپریٹرس اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ معتمرین کی تعداد میںکمی آئی ہے اور وہ خود بھی محتاط ہوکر سفر کررہےہیں۔بیشتر معتمرین حالات بہتر ہونے کے منتظر ہیں۔ کچھ ٹور آپریٹرس نے حرم پاک سے دور ہوٹلوں میں ایک ایک کمرے میں ۴، ۵؍ معتمرین کو ٹھہراکر خرچ کم کرنے کا حل بھی تلاش کیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹور آپریٹرس نے موجودہ حالات میں مزید ۵؍مسائل کا تذکرہ کیا۔ 

’’حالات اب بھی بہتر نہیںہوئے ہیں‘‘

آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے چیئرمین شوکت تمبولی  جوخود بھی بڑے ٹور آپریٹرس میں شمار کئےجاتے ہیں،کا کہنا ہےکہ پورے سال پابندی سے ان کے ذریعے عمرہ گروپ روانہ کئےجاتے ہیں لیکن حالات بہتر نہ ہونےکےسبب انہوں نےآئندہ ماہ کیلئے گروپ بھیجنے کی تیاری کی ہے۔ ‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ ’’سعودی ایئرلائن کا کرایہ۵۵؍ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے جس کانتیجہ یہ ہےکہ معتمرین ا ورٹور والوں پر کافی بوجھ پڑرہا ہے اورانڈین ایئرلائنز اکاسا ،انڈیگو اورانڈیا ایئرلائنز وغیرہ نےتو رواں ماہ کے اخیر تک اپنی خدمات روک دی ہیں ۔ اس کااثر یہ پڑا ہے کہ دسمبر کے مہینے میںبھیجے جانے والے عمرہ گروپ کیلئے بھی دیگر ایئرلائنوں نےسعودی ایئرلائن کی دیکھا دیکھی اپنے کرایے میںبے تحاشہ اضافہ کردیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ پٹی میں داخلے کے تمام راستے کھولے جائیں: کنیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند

۵؍مسائل کیا ہیں؟

شوکت تمبولی نے دیگر مسائل کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ معتمرین سے درخواست کی جارہی ہے کہ وہ حالات کو مدنظر رکھ کرعمرہ کی تیاری کریں، دوسرے اگر حالات کے سبب خدانخواستہ کبھی مشکل پیش آجائے تو ٹور آپریٹرس کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں، تیسرے یہ کہ حالات کے سبب زائدخرچ آنے پر معتمرین خود بھی تعاون کریں، چوتھے اگر حکومت ِ ہند اپنے سفارتی تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے بات چیت کرے اور ہوائی راستہ کھل جائے تو معتمرین ہی نہیں، ہندوستان سے خلیج جانے والے سبھی کو راحت مل سکتی ہے۔ پانچویں یہ کہ ٹوروالے اس بات کیلئے مسلسل کوشاں ہیں کہ معتمرین پر بوجھ نہ پڑے، وقت کی پابندی کے ساتھ وہ عمرے  سے فارغ ہوکر وطن لوٹ سکیںمگر اس میں کافی مشکل آرہی ہے ۔‘‘

’’ٹور والے کا خود خرچ ایک لاکھ روپے آرہا ہے‘‘

الحطیم ٹور کے ذمہ دار مولانا محمدعارف قاسمی کے مطابق ’’ ایک لاکھ روپے میںعمرہ کیلئے لے جانے والے ٹور آپریٹرس کاخود ہی خرچ تقریباً ایک لاکھ روپے تک آرہا ہے ۔ اس لئےوقتی طور پر مجبوراًروکنا پڑرہا ہے ۔ دوسرےیہ کہ ایک حل یہ نکالا گیا ہےکہ حرم پاک سے کچھ فاصلے پرکم بجٹ والی ہوٹلوں میںایک ایک کمرے میں ۴،  ۵؍ معتمرین کو ٹھہرایا جارہا ہےتاکہ مالی بوجھ کم ہوجائے،اس کےباوجود معتمرین میں کمی آئی ہے۔‘‘ 

’’ہرشخص استطاعت نہیں رکھتا‘‘

حاجی پیرٹورا ینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار محمد صدیق کے مطابق ’’ تمام ٹوروالوں کی نگاہیں حالات میں بہتری پر ہیں۔ اس لئے کہ ہرشخص ڈیڑھ لاکھ ،دو لاکھ اورڈھائی لاکھ روپے کے پیکیج والے عمرے کی استطاعت نہیں رکھتا ہے۔ سب سے زیادہ بوجھ ٹکٹ کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ اورانڈین ایئرلائنز کی خدمات بند ہونے کے سبب پڑرہا ہے اور ٹکٹ کا دام پہلے کے مقابلے تقریباً دوگنا ہوگیا ہے۔جب تک حالات معمول پر نہیں آتے ،یہی کیفیت رہے گی ۔اس کا خاصا اثر کم بجٹ والے معتمرین کی روانگی پرپڑا ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK