ریاستی فوڈ کمیشن کاحکومت کو مشورہ۔ کہا کہ ہر معاملے کی تصدیق کرواکر اہل استفادہ کنندگان کے اناج کے حق کو برقرار رکھاجائے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 11:27 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی فوڈ کمیشن کاحکومت کو مشورہ۔ کہا کہ ہر معاملے کی تصدیق کرواکر اہل استفادہ کنندگان کے اناج کے حق کو برقرار رکھاجائے۔
وزیر اعظم کی غریبوں کی بہبود کیلئے فوڈ اسکیم کےاستفادہ کنندگان کی تصدیق کے دوران ایک ہی راشن کارڈ کےتحت آنےوالے خاندان کا کوئی فرد نااہل پایاجاتاہے تو پورے خاندان کوراشن کے فوائد سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔ ریاستی فوڈ کمیشن نے ریاستی حکومت کو ایک اہم مشورہ دیا ہے کہ ہر معاملے کی فیلڈ تصدیق کروا کر اہل استفادہ کنندگان کے اناج کے حق کو برقرار رکھا جائے۔ کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جن اہل شہریوں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے اور جن کی مراعات بند کر دی گئی ہیں، ان کی مراعات فوری بحال کی جائیں۔
مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق راشن کارڈ مینجمنٹ سسٹم میں راشن کارڈوں کی معلومات کی تصدیق محکمہ انکم ٹیکس، سینٹرل بورڈ آف ان ڈائریکٹ ٹیکس، کارپوریٹ امور کی وزارت، سڑک ،ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت اور پی ایم کسان یوجنا کے ڈیٹا بیس سے کی گئی ہے۔ اس بنیاد پر نا اہل استفادہ کنندگان کی نشاندہی کرکے انہیں نیشنل فوڈ سیکوریٹی اسکیم سے خارج کرنے کیلئے کارروائی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تاہم یہ کارروائی کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہر معاملے کی ذاتی طور پر تصدیق کی جانی چاہئے اور اہل استفادہ کنندگان کو محض شک کی بنیاد پر اسکیم سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب کیلئے کئی ایئرلائنز نے نومبر کے اخیر تک اپنی خدمات روک دیں
ریاستی فوڈ کمیشن کے چیئرمین مہیش دھاولے نے ریاستی حکومت کو بھیجے گئے ایک خط میں اس عمل میں موجود خامیوں کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ دیہی علاقوں میں کئی جگہوں پر مشترکہ خاندانی نظام کی وجہ سے ایک ہی راشن کارڈ پر دو یا دو سے زیادہ الگ الگ خاندان رہتے ہیں۔ ایسے میں کمیشن کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ اگر خاندان کا کوئی فرد انکم ٹیکس ادا کر رہا ہے یا اس کے نام پر فور وہیلر ہے تو پورے راشن کارڈ پر فائدہ اٹھانے والوں کو نااہل قرار دیا جا رہا ہے۔خاص طور پر اگر ایک ہی خاندان کے افراد الگ الگ رہتے ہیں تو صرف ایک رکن کے مالی معیار کی بنیاد پر دیگر افراد کے اناج کے فوائد کو روکنا غیر منصفانہ ہے۔
کمیشن نے تجویز پیش کی ہے کہ ایسے خاندانوں کو الگ الگ راشن کارڈ میں تقسیم کیا جانا چاہئے اور ان کیلئے اسکیم کا فائدہ جاری رکھنے کیلئے کارروائی کی جانی چاہئے۔ ریاست میں خشک سالی کے اعلان کی وجہ سے کسانوں سمیت عام شہریوں کی مالی حالت ابتر ہوگئی ہے۔ ایسے میں اہل شہریوں کو نیشنل فوڈ سیکوریٹی اسکیم کے فوائد سے محروم رکھنا درست نہیں، لہٰذا جن معاملات میں مراعات روک دی گئی ہے، ان کی تصدیق کی جائے اور مستحقین کو فوری طور پر وظائف کی فراہمی شروع کی جائے۔ کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر، فوڈ ڈسٹری بیوشن آفیسر اور متعلقہ ایجنسیاں اس عمل کی نگرانی کریں۔