سپریم کورٹ نے وزیر اعظم مودی کے خلاف مبینہ طور پر ’چوروں کے سردار‘ اور’کمانڈر اِن تھیف‘ جیسے تبصرے کرنے کے معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف چل رہے ہتک عزت کے معاملے میں نچلی عدالت میں جاری سماعت پر منگل کو روک لگا دی۔
EPAPER
Updated: October 14, 2026, 1:21 PM IST | Agency | New Delhi
سپریم کورٹ نے وزیر اعظم مودی کے خلاف مبینہ طور پر ’چوروں کے سردار‘ اور’کمانڈر اِن تھیف‘ جیسے تبصرے کرنے کے معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف چل رہے ہتک عزت کے معاملے میں نچلی عدالت میں جاری سماعت پر منگل کو روک لگا دی۔
سپریم کورٹ نے وزیر اعظم مودی کے خلاف مبینہ طور پر ’چوروں کے سردار‘ اور’کمانڈر اِن تھیف‘ جیسے تبصرے کرنے کے معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف چل رہے ہتک عزت کے معاملے میں نچلی عدالت میں جاری سماعت پر منگل کو روک لگا دی۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ کی بنچ نے بامبے ہائی کورٹ کے۸؍ ستمبر کے اس حکم کو چیلنج کرنے والی راہل گاندھی کی عرضی پر نوٹس جاری کیا، جس میں عدالت نے معاملے کو مسترد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں اور نچلی عدالت کی اس معاملے پر آگے کی کارروائی پر روک رہے گی۔ اس معاملے میںراہل گاندھی کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ ابھشیک منو سنگھوی پیش ہوئے۔ راہل گاندھی نے اس معاملے میں مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ سمن کو بامبے ہائی کورٹ میں یہ دلیل دیتے ہوئے چیلنج کیا تھا کہ انہوں نے نہ تو بی جے پی کا نام لیا، نہ ہی کسی قابلِ شناخت گروپ کو نشانہ بنایا۔ اس وجہ سے پارٹی کارکن مہیش شری مال کی دائر کردہ شکایت قانونی طور پر قابلِ سماعت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ووٹ چوری کے ساتھ ہی کانگریس نے حکومت کو مہنگائی پر بھی گھیرا
ہتک عزت کے ایک اور مقدمے میں سماعت مکمل، فیصلہ ۲۶؍ اکتوبر کو
اتر پردیش کے ضلع سلطان پور کی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے کیس کی سماعت منگل کو مکمل کر لی۔ خصوصی مجسٹریٹ نے فیصلے کیلئے ۲۶؍ اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس دن راہل گاندھی کو عدالت میں حاضر ہونا پڑے گا۔ اس مقدمے میں گاندھی کے وکیل کاشی شکلا نے بتایا کہ جمہوریت اور عدلیہ کے احترام کے پیشِ نظر فیصلے کے دن مدعا علیہ کی عدالت میں حاضری لازمی ہوتی ہے، لہٰذا راہل گاندھی ۲۶؍ اکتوبر کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر۸؍ مئی ۲۰۱۸ء کو بنگلور میں بی جے پی کے اُس وقت کے قومی صدر اور موجودہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف قابلِ اعتراض تبصرہ کرنے کا الزام ہے۔