Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی: جے این یو طلبہ یونین کے دفتر میں ساورکر کی تصویر لگانے پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا، طلبہ نے مخالفت کی

Updated: May 30, 2025, 6:05 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

جے این یو طلبہ یونین کے جوائنٹ سیکریٹری اور اے بی وی پی ممبر ویبھو مینا نے ساورکر کے یوم پیدائش کے موقع پر ۲۸ مئی کو دفتر میں ساورکر کی تصویر نصب کردی جس کے بعد تنازع نے جنم لیا ہے۔ یونین کے صدر صدر نتیش کمار اور جنرل سیکریٹری فاطمہ منتہیٰ نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دہلی میں واقع جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی طلبہ یونین (جے این یو ایس یو) کے دفتر میں ہندوتوا لیڈر ونایک دامودر ساورکر کی تصویر لگائے جانے کے بعد ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے۔ یونین کے جوائنٹ سیکریٹری ویبھو مینا، جو دائیں بازو کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سے وابستہ ہیں، نے آر ایس ایس کے نظریاتی لیڈر کی یوم پیدائش کے موقع پر ۲۸ مئی کو دفتر میں ساورکر کی تصویر نصب کی جس کے بعد تنازع نے جنم لیا ہے۔ 

یونین آفس میں نئی تصویر لگانے کے رسمی طریقہ کار پر عمل نہ کرنے اور ساورکر کی تصویر کے نظریاتی مضمرات کی وجہ سے یہ تنازع پیدا ہوا۔ واضح رہے کہ ہندو قوم پرست نظریہ کے ابتدائی حامیوں میں سے ایک، ونایک دامودر ساورکر کی میراث متنازع رہی ہے۔ اگرچہ انہیں اپنی سیاسی زندگی کے ابتدائی دور میں برطانویوں پر تنقید کرنے کیلئے سیلولر جیل میں قید کیا گیا، لیکن رہائی کے بعد انہوں نے برطانویوں پر تنقید کرنا تقریباً بند کر دیا تھا اور اپنی پارٹی ہندو مہاسبھا کے ذریعے پوری توجہ ہندوراشٹر کے قیام پر مرکوز کی، ساتھ میں برطانویوں کی حمایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھئے: ساورکر گوڈسے کا رشتہ دار تھا اور مسلمانوں کو غدار سمجھتاتھا

جے این یو ایس یو کے صدر نتیش کمار اور جنرل سیکریٹری فاطمہ منتہیٰ نے جمعرات کو ایک مشترکہ بیان جاری کرکے ساورکر کی تصویر لگانے کے اقدام کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا، "ہمیں پتہ چلا ہے کہ جے این یو ایس یو آفس میں، کونسل میٹنگ میں پیشگی مشاورت کے بغیر تصاویر نصب کی جا رہی ہیں۔ جے این یو ایس یو کی طویل عرصہ سے چلی آرہی روایت کے مطابق، آفس میں کوئی تصویر کونسل میٹنگ میں قرارداد منظور کئے بغیر لگائی نہیں جا سکتی۔" کمار نے تمام طلبہ تنظیموں اور افراد سے درخواست کی کہ وہ کونسل میں قرارداد منظور کئے بغیر تصاویر نصب کرنے سے گریز کریں۔

جوائنٹ سیکریٹری ویبھو مینا نے تصویر لگانے کے بارے میں کہا کہ اے بی وی پی کے نمائندے کے طلبہ یونین میں منتخب ہونے کے بعد ہی یہ شناخت ممکن ہوئی ہے۔ ہم اس روایت کو جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ طلبہ یونین کے موجودہ پینل میں چار ممبران شامل ہیں، جن میں سے تین، یونائیٹڈ لیفٹ الائنس سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ ایک کا تعلق اے بی وی پی سے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK