پولیس نے حادثے کا کیس درج کیا ۔اڈانی کمپنی اور فائر بریگیڈ کی رپورٹ کا انتظار۔والدہ نے روتے ہوئے کہا: میرا بیٹا چلا گیا، مجھے انصاف چاہئے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 4:21 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani
پولیس نے حادثے کا کیس درج کیا ۔اڈانی کمپنی اور فائر بریگیڈ کی رپورٹ کا انتظار۔والدہ نے روتے ہوئے کہا: میرا بیٹا چلا گیا، مجھے انصاف چاہئے۔
یہاں پیر کی شب میں مالونی کی ایم ایچ بی کالونی، میونسپل اسکول کےسامنے بھیانک آتشزدگی میں ۱۶؍ سالہ شہنواز نیاز خان فوت ہوگیا۔بری طرح جھلسنے اورگودام کا شٹر بند ہونےکے سبب اس کی موت واقع ہوگئی ۔روم نمبر ۱۵؍ جس میںگودام تھا، کے ساتھ ۲؍ اور مکانات کوبری طرح سےنقصان پہنچا اور مکین بے گھرہوگئے ۔
شہنواز اپنے والد کے کینسر کے علاج کیلئے ملازمت کرنے لگا تھا، اسی دن پہلی تنخواہ ملی تھی
شہنوازکی والدہ زلیخہ بیگم نے نمائندۂ انقلاب سےبات چیت کے دوران روتے ہوئے کہاکہ ’’ میرا بیٹا چلا گیا، مجھے انصاف چاہئے۔‘‘ وہ یہ بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئیں کہ ’’میرا بیٹا ایک ماہ قبل وجے جیسوال کے یہاںکام پرلگا تھا، وہ ٹی بی کے مریض اپنے والد کے علاج کے لئے کم عمری میںیہ کہہ کر ملازمت پر لگا تھا کہ امی !تم فکر مت کرو،میںابّا کے علاج کے لئے دوا کا انتظام کروں گا، میں پڑھوں گا بھی اورکام بھی کروں گا ۔ چنانچہ وہ صبح سات بجے اسکول جاتا اورسہ پہر کوواپس آنے کے بعد کام پرجاتا۔ اسی دن میرے بیٹے کو پہلی تنخواہ ۶؍ ہزار روپے ملے تھے مگراس کےبعد پولیس کے ذریعے مجھے بیٹے کی موت کی دردناک خبر دی گئی۔ ‘‘ زلیخہ بیگم نے دکان کےمالک جیسوال پر یہ الزام عائد کیاکہ ’’جب پٹاخے کے سبب آگ لگی تودیگر ۳؍ ملازمین کو وہاں سے ہٹادیا گیا اور میرا بیٹا اندر تھا اور شٹربند کردیا گیا مگر مجھ سے یہ جھوٹ بولاگیا کہ تمہارا بیٹا بھاگ گیا ہے۔ میںانصاف کی منتظرہوں، اب میرے کلیجے کا ٹکڑا تو واپس نہیں آسکتا مگر مجھ دکھیاری کو انصاف ملنا چاہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی کی مالیگاؤں آمد، تکمیل درس قرآن کے جلسے سے خطاب
’’دکان مالک پر قتل کا کیس درج کیا جانا چاہئے‘‘
مقامی کارپوریٹررفیق شیخ کےبھائی اور سابق کارپوریٹر سراج شیخ نے کہا کہ’’ یہ کھلی لاپروائی ہے جس کے نتیجے میں جہاں شہنواز کی موت ہوگئی وہیں اوردو گھروں میںرہنے والے سڑک پر آگئے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’اس میں۵؍اہم سوال قائم ہوتے ہیں اورجیسوال کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جانی چاہئے۔ اوّل یہ کہ جیسوا ل کے اہل خانہ کو پٹاخہ پھوڑنے سے مقامی لوگ بار بار منع کرتے رہےمگر سنی اَن سنی کردی گئی۔ دوسرے جب سارے ملازمین کو وہاں سے ہٹایا گیا تو کس بنیاد پر شہنواز کے گودام میںموجود ہونے کےباوجود شٹر بند کیا گیا، تیسرے کیوں جھوٹ بولا گیا اورحقیقت کو چھپایا گیا، چوتھے غیرقانونی طریقے سےکیوں پٹاخوں کا ذخیرہ رکھا گیا اور قانون سے بچ کر گٹکھا وغیرہ فروخت کیا جارہا تھا اورپانچویں روم نمبر ۱۴؍ میں مقیم حسینہ شیخ اور روم نمبر ۱۶؍ میں مقیم شہناز خان کے مکانات تباہ ہونے اور ان کے بے گھر ہونے کی بھرپائی کون کرے گا؟ اگر ان کو بالکنی اورگرل وغیرہ کاٹ کر باہرنہ نکالا گیا ہوتاتو مزید کئی قیمتی جانیں تلف ہوجاتیں۔ اس لئے اس کی باریکی سے جانچ کی جائے اورقتل کا مقدمہ درج کرکے جیسوال کو گرفتار کیا جائے۔‘‘
مالونی پولیس کی جانب سے حادثے کا کیس درج کیا گیا ہے جبکہ یہ کہا گیا ہے کہ اڈانی الیکٹرسٹی اورفائر بریگیڈ کی رپورٹ کی بنیاد پرآگے کی کارروائی کی جائے گی۔حالانکہ یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پولیس بھی یہ تسلیم کررہی ہے کہ یہ بھیانک آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں پٹاخے کے سبب ہی لگی اورگودام میںجمع پٹاخوں میںآگ لگنے کے سبب شعلےبلند ہونے لگے۔